ویب ڈیسک: روس کے مشرقی علاقے کمچٹکا ریجن میں ہفتہ کی صبح زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے جس کے باعث علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا اور لوگ گھروں سے باہر نکل آئے۔
بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 6 ریکارڈ کی گئی جبکہ اس کی گہرائی تقریباً 10 کلومیٹر زیر زمین تھی۔ ابتدائی رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ زلزلے کے نتیجے میں اب تک کسی قسم کے جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔زلزلہ پیما مراکز اور قدرتی آفات سے نمٹنے والے روسی اداروں نے واقعے کے بعد آفٹر شاکس کے خدشے کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا ہے۔ حکام نے مقامی آبادی کو ہدایت دی ہے کہ وہ محتاط رہیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر محفوظ مقامات کی جانب منتقل ہو جائیں۔یاد رہے کہ کمچٹکا ریجن روس کا وہ علاقہ ہے جو زلزلوں اور آتش فشانی سرگرمیوں کے باعث حساس تصور کیا جاتا ہے اور ماضی میں بھی یہاں بڑے زلزلے آ چکے ہیں۔