ویب ڈیسک: برطانیہ کی شہری ایتھل کیٹرہیم (Ethel Caterham) آج اپنی 116ویں سالگرہ منا رہی ہیں۔
سرے کے کیئر ہوم کے مطابق ایتھل اپنی سالگرہ پرسکون انداز میں خاندان کے ساتھ گزار رہی ہیں۔ایتھل کیٹرہیم 21 اگست 1909 کو انگلینڈ کے گاؤں شپٹن بیلنگر میں پیدا ہوئیں۔ اپنی طویل زندگی میں انہوں نے دو بیٹیاں اور شوہر کھو دیا، تاہم آج بھی وہ اپنے تین نواسوں اور پانچ پڑپوتوں کے ساتھ ہیں۔برطانوی اخبار کے مطابق ایتھل برطانوی بادشاہ ایڈورڈ ہفتم کے دور کی آخری زندہ فرد ہیں، جنہوں نے 1901 سے 1910 تک برطانیہ پر حکومت کی۔
دنیا میں سب سے زیادہ عمر پانے کا ریکارڈ اب بھی فرانس کی جین کالمینٹ کے پاس ہے، جو 1997 میں 122 سال کی عمر میں وفات پا گئیں۔ ایتھل کیٹرہیم کو دنیا کی معمر ترین فرد کا اعزاز چند ماہ قبل برازیلی شہری Inah Lucas کے انتقال کے بعد ملا تھا۔ایتھل کی طویل زندگی اور صحت مند رہن سہن کے اسرار نے دنیا بھر کے لوگوں کی توجہ حاصل کی ہے اور انہیں عمر رسیدہ افراد کے لیے ایک مثال کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔