ویب ڈیسک: پنجاب میں مون سون کی بارشوں کا نیا سلسلہ 23 اگست سے شروع ہونے کا امکان ہے۔
پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے مطابق یہ مون سون کا آٹھواں اسپیل ہوگا جو 27 اگست تک جاری رہنے کا امکان ہے۔پی ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ اس دوران دریاؤں کے بالائی علاقوں میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ ہو سکتا ہے، خصوصاً دریائے راوی اور اس سے ملحقہ ندی نالوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔پی ڈی ایم اے کے مطابق 22 اگست کی رات سے مغربی ہوائیں صوبے کے بالائی علاقوں میں داخل ہوں گی، جس کے باعث لاہور، قصور، شیخوپورہ سمیت دیگر شہروں میں بارش متوقع ہے۔ جنوبی پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
حکام نے صوبے بھر کے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ جاری کر دیا ہے۔ اس کے علاوہ، لوکل گورنمنٹ، محکمہ زراعت، آبپاشی، صحت، جنگلات، لائیواسٹاک اور ٹرانسپورٹ کو بھی پیشگی اقدامات کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے نے تمام متعلقہ محکموں کو وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے تحت تمام انتظامات بروقت مکمل کرنے کی تاکید کی ہے۔