مون سون کا نیا سلسلہ آج سے شروع، ملک کے مختلف علاقوں میں تیز بارشوں کی پیشگوئی

مون سون کا نیا سلسلہ آج سے شروع، ملک کے مختلف علاقوں میں تیز بارشوں کی پیشگوئی

محکمہ موسمیات نے ملک میں مون سون کے نئے اسپیل کے داخل ہونے کی پیشگوئی کرتے ہوئے شہریوں اور متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون کا نیا سسٹم آج سے ملک کے مختلف علاقوں کو متاثر کرے گا، جس کے باعث 25 جولائی تک بالائی اور وسطی علاقوں میں موسلادھار بارشوں کا امکان ہے۔پیشگوئی کے مطابق اسلام آباد، پنجاب اور خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے، جبکہ بعض مقامات پر تیز ہواؤں کے ساتھ شدید بارش بھی ہو سکتی ہے۔محکمہ موسمیات نے شدید بارشوں کے پیش نظر شہری علاقوں میں اربن فلڈنگ جبکہ پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے خطرے سے آگاہ کیا ہے۔ حکام کے مطابق بارشوں کے باعث پہاڑی ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ بھی موجود ہے۔

متعلقہ اداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار رہیں اور نکاسی آب سمیت دیگر ضروری اقدامات یقینی بنائیں۔عوام کو بھی احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے، خصوصاً نشیبی علاقوں اور پہاڑی مقامات پر رہنے والے افراد کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون کے اس نئے سلسلے کے دوران مختلف علاقوں میں بارشوں کی شدت میں اضافہ ہو سکتا ہے، اس لیے شہری موسمی صورتحال سے باخبر رہیں۔