وزیراعظم کی مون سون سے نمٹنے کی ہدایت، این ڈی ایم اے کو پیشگی تیاری مزید مؤثر بنانے کا حکم

وزیراعظم کی مون سون سے نمٹنے کی ہدایت، این ڈی ایم اے کو پیشگی تیاری مزید مؤثر بنانے کا حکم

وزیراعظم شہباز شریف سے چیئرمین نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک نے ملاقات کی، جس میں مون سون بارشوں کے دوران ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔

وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے ہدایت کی کہ مون سون کے دوران صوبائی حکومتوں اور صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز (پی ڈی ایم ایز) کے ساتھ رابطوں اور باہمی تعاون کو مزید مؤثر بنایا جائے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں بروقت کارروائی یقینی بنائی جا سکے۔ملاقات کے دوران چیئرمین این ڈی ایم اے نے وزیراعظم کو ملک بھر میں مون سون بارشوں کے دوران ممکنہ خطرات سے نمٹنے کے لیے کیے گئے اقدامات اور ہنگامی تیاریوں پر بریفنگ دی۔وزیراعظم کو پیشگی اطلاع (ارلی وارننگ) کے نظام کو مکمل طور پر فعال بنانے اور اس سلسلے میں وزارتِ موسمیاتی تبدیلی کے ساتھ جاری تعاون سے متعلق پیش رفت سے بھی آگاہ کیا گیا۔وزیراعظم شہباز شریف نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات بروقت مکمل کیے جائیں اور مون سون کے دوران کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہر سطح پر مکمل تیاری یقینی بنائی جائے۔