پولینڈ پاکستانی مصنوعات کی بڑی منڈی بن گیا: چوہدری سالک حسین

ٹیکسٹائل، لیدر اورسپورٹس مصنوعات کی مد میں 450 ملین ڈالر کی برآمدات کی ہیں
اسلام آباد (آن لائن) وفاقی وزیر برائے اوورسیز پاکستانیز چوہدری سالک حسین سے پاکستان میں تعینات  پولینڈ کے سفیر میکئیے پیسارسکی نے ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات، تجارتی روابط، اور پولینڈ میں پاکستانیوں کے لیے روزگار کے نئے مواقع پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وفاقی وزیر نے بتایا کہ پاکستان نے گزشتہ ایک سال کے دوران پولینڈ کو  ٹیکسٹائل، لیدر اور اسپورٹس مصنوعات کی مد میں 450 ملین ڈالر کی برآمدات کی ہیں، جو باہمی تجارتی تعاون کی کامیاب مثال ہے۔پولش سفیر نے پاکستان کے مختلف علاقوں میں حالیہ سیلاب کے باعث **جانی و مالی نقصانات پر گہرے دکھ کا اظہار کیا اور کہا کہ پولینڈ میں پاکستانیوں کے لیے روزگار کے  مواقع دستیاب ہیں تاہم غیر قانونی امیگریشن روکنے کے لیے سخت اقدامات کیے گئے ہیں۔ میکئیے پیسارسکی نے اس موقع پر بتایا کہ  پولینڈ کے وزیر خارجہ آئندہ اکتوبر میں پاکستان کا دورہ کریں گے جس دوران متعدد اہم شعبوں میں مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط متوقع ہیں، جو دونوں ممالک کے تعلقات کو نئی جہت دیں گے۔