قانونی نوٹس مل گیا‘جلد جواب دوں گا:چودھری سالک حسین

چودھری سالک نے پنجاب حکومت کا نام نہیں لیا، ان کا اشارہ نظام میں موجود بدعنوانی کی جانب تھا:چودھری شافع
لاہور(خصوصی رپورٹر) پنجاب میں کرپشن کے الزامات پر چودھری سالک حسین نے صوبائی حکومت کی جانب سے نوٹس ملنے کی تصدیق کردی۔ایکس پیغام میں وفاقی وزیر اوورسیز پاکستانیز چودھری سالک حسین نے کہا  جلد جواب دوں گا، شفافیت بند کمروں کے پیچھے نہیں ہونی چاہئے۔انہوں نے مسلم لیگ ق کے حکومت سے علیحدگی کا امکان مسترد کر دیا اور کہا  فی الحال اتنا کافی ہے کہ لیگل نوٹس کا جواب دیں گے۔دوسری جانب چودھری سالک کے بیان پر چودھری شافع نے وضاحتی بیان میں کہا کہ انہوں نے پنجاب حکومت کا نام نہیں لیا، ان کا اشارہ نظام میں موجود بدعنوانی کی جانب تھا، ممکن ہے انہیں کچھ ایسی معلومات ہوں جن سے میں آگاہ نہیں، چھوٹے بھائی سے کبھی فاصلہ اختیار کیا نہ کروں گا۔