بیرون ملک جانیوالے پاکستانی قابلِ فخر اثاثہ، غیر قانونی روکنے کی اجازت نہیں دینگے چودھری سالک حسین

 بیرون ملک روزگار کے لیے  گئے پاکستانی ہمارے لیے قابلِ فخر اثاثہ ، انہیں غیر قانونی طور پر روکنے کی اجازت نہیں دی جائے گی
 حکومت بیرون ملک پاکستانیوں کے مفادات کے تحفظ اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے کیلئے  اقدامات کر رہی ہے:وفاقی وزیر
اسلام آباد (آن لائن)وفاقی وزیر چودھری سالک حسین نے کہا ہے  کہ  بیرون ملک روزگار کے لیے جانے والے پاکستانی ہمارے لیے قابلِ فخر اثاثہ ہیں۔ انہیں غیر قانونی طور پر روکنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ وفاقی وزیر سے پاکستان اوورسیز ایمپلائمنٹ پروموٹرز ایسوسی ایشن کے وفد نے ملاقات کی۔ ملاقات میں ڈی جی ایف آئی اے رفعت مختار اور سیکریٹری اوورسیز پاکستانیز ندیم اسلم چوہدری بھی شریک تھے۔وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین نے اس موقع پر کہا کہ بیرون ملک روزگار کے لیے جانے والے پاکستانی ہمارے لیے قابلِ فخر اثاثہ ہیں۔ انہیں غیر قانونی طور پر روکنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت بیرون ملک پاکستانیوں کے مفادات کے تحفظ اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے کے لیے مسلسل اقدامات کر رہی ہے۔ ڈی جی ایف آئی اے رفعت مختار نے وضاحت کی کہ ایف آئی اے نے ورک ویزا ہولڈرز کے لیے کوئی نئی شرائط عائد نہیں کیں۔ اگر کوئی اہلکار غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث پایا گیا تو اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ ایف آئی اے جلد ایک جدید ڈیجیٹل نظام متعارف کرانے جا رہی ہے، جس کے تحت ورکرز اپنی امیگریشن کا عمل روانگی سے قبل آن لائن مکمل کر سکیں گے