وفاقی وزیر کا الزامات پر قائم رہنے کا اعلان،بھائی کے ساتھ ہوں اور رہوں گا ، شافع حسین
لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) پنجاب میں کرپشن کے الزامات کے معاملے پر وفاقی وزیر برائے اوورسیز پاکستانیز چودھری سالک حسین نے صوبائی حکومت کی جانب سے قانونی نوٹس موصول ہونے کی تصدیق کر دی ہے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری پیغام میں چودھری سالک حسین نے کہا کہ وہ جلد جواب دیں گے، شفافیت بند کمروں کے پیچھے نہیں ہونی چاہیے۔ اس سے قبل پارلیمنٹ ہائوس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کا قانونی نوٹس مل گیا ہے، اس کا جواب دیں گے۔ وہ پنجاب حکومت میں بدعنوانی کے الزامات پر اپنے مئوقف پر قائم ہیں اور عدالت میں نوٹس کا مکمل اور بھرپور جواب دیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈپٹی کمشنر گجرات کی تعیناتی سے متعلق الزام من گھڑت ہے، جبکہ پنجاب میں کرپشن سے متعلق بات ان کا ذاتی بیان ہے۔ چودھری سالک حسین نے مسلم لیگ (ق) کی جانب سے حکومت سے علیحدگی کا امکان بھی مسترد کرتے ہوئے کہا کہ فی الحال اتنا کافی ہے کہ قانونی نوٹس کا جواب دیا جائے گا۔ دوسری جانب چودھری سالک حسین کے بیان پر چودھری شافع نے وضاحتی بیان میں کہا کہ انہوں نے پنجاب حکومت کا نام نہیں لیا تھا بلکہ ان کا اشارہ نظام میں موجود بدعنوانی کی جانب تھا۔ ان کے مطابق ممکن ہے چودھری سالک کے پاس کچھ ایسی معلومات ہوں جن سے وہ آگاہ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے اپنے چھوٹے بھائی سے کبھی فاصلہ اختیار کیا ہے اور نہ کریں گے۔