سپریم کورٹ نے لاہورہائیکورٹ کافیصلہ کالعدم قراردیدیا‘فریقین سمجھ لیں کیس کے مرکزی حقائق پر بات نہیں کرنے دینگے‘ میرٹس ٹرائل کورٹ نے طے کرنے ہیں:چیف جسٹس
کیس کو منطقی انجام تک پہنچنا ہے، 9 مئی کے کیس پوری قوم کے کیس ہیں، پوری قوم نے 9 مئی دیکھا، ایک ضمانت ملنے پر اتنا جشن سمجھ سے باہر ہے:وفاقی وزیر اطلاعات
اسلام آباد (آن لائن) سپریم کورٹ نے 9 مئی کے 8 مقدمات میں پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کی ضمانت کی درخواستیں منظور کرلیںسپریم کورٹ نے اپنے فیصلے میں لاہور ہائی کورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا۔سپریم کورٹ میں چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی سربراہی میں جسٹس حسن اظہر رضوی اور جسٹس شفیع صدیقی پر مشتمل 3 رکنی بینچ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی 9 مئی کے 8 مقدمات میں ضمانت کی درخواستوں پر سماعت کے بعد مختصر فیصلہ سنایا۔جمعرات کو سماعت کے دوران چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے ریمارکس دیئے فریقین سمجھ لیں کیس کے مرکزی حقائق پر بات نہیں کرنے دیں گے۔ میرٹس ٹرائل کورٹ نے خود طے کرنے ہیں۔
دوسرا انٹرو
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے ضمانت تو قاتل اور ڈکیت کی بھی ہوتی ہے، ضمانت کا مطلب بریت نہیں۔اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو سے کرتے ہوئے عطا تارڑ نے کہا کیسے ہوسکتا ہے حکومت پاکستان کو آنے والا پیسہ ایک جرمانے میں جمع کرایا جائے، انھوں نے پانچ پانچ قیراط کی انگھوٹھیاں لیں وہ کس مد میں لیتے رہے؟ وزیر اطلاعات نے کہا کہ کابینہ سے بند لفافے میں معاہدے کی منظوری لی گئی، بانی پی ٹی آئی نے کہا لفافے کے اندر کیا ہے یہ چھوڑیں بس منظوری دیں، 190ملین پائونڈ کیس میں یہ اپنے دفاع میں کچھ پیش نہ کرسکے۔ اب ضمانت پر خوشیاں منار ہے، ضمانت تو قاتل اور ڈکیت کی بھی ہوتی ہے۔ ضمانت کا مطلب بریت نہیں، ٹرائل چل رہا ہے کیس کو منطقی انجام تک پہنچنا ہے، 9 مئی کے کیسز پوری قوم کے کیس ہیں، پوری قوم نے 9 مئی دیکھا، ایک ضمانت ملنے پر اتنا جشن سمجھ سے باہر ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا 9 مئی کے دیگر ملزم بھی ضمانت پر باہر تھے، 9 مئی کے ماسٹر مائنڈ بانی پی ٹی آئی تھے، انہوں نے سازش کی تاکہ ان حالات کا فائدہ دشمن اٹھائے۔ وزیراطلاعات نے کہا ان کے پاس 9 مئی کے واقعات کا دفاع نہیں ہے، ضمانت پر خوشیاں منا کر یہ خود کو بیوقوف بنا رہے ہیں، قوم نے تحریک انصاف کے بیانیے کو رد کر دیا ہے، پی ٹی آئی اپنے طرز عمل پر غور کرے جھوٹی خوشی مناکر قوم کو بیوقوف نہیں بنایا جاسکتا۔ انھوں نے کہا بانی پی ٹی آئی 190ملین پاونڈ کیس میں قید ہیں، ضمانت سے رہائی نہیں ملے گی، ان کو شاید نہیں پتہ کہ ضمانت اور بریت میں فرق ہوتا ہے، روز روشن کی طرح عیاں ہے کہ 9 مئی بانی پی ٹی آئی نے پلان کیا۔ عطا تارڑ نے کہا بانی پی ٹی آئی نے پورے ملک کو تباہ کرنے کی سازش کی، کسی دشمن نے جرات نہیں کی جس حد تک پی ٹی آئی چلی گئی، پراسیکیوشن کے پاس ناقابل تردید ثبوت ہیں، تحریک انصاف کے لیے سوگ کا دن ہے۔