رپورٹ کے مطابق انہیں تمام ضروری سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں بلکہ وہ دیگر قیدیوں کی نسبت زیادہ مراعات سے بھی مستفید ہو رہے ہیں:وفاقی وزیراطلاعات
بانی پی ٹی آئی کی صحت کے حوالے سے سپریم کورٹ کی رپورٹ حکومتی موقف کی تائید ہے ‘ ہمارے بھائی مسلسل پراپیگنڈا کر رہے تھے سہولتیں واپس لی گئی ہیں :مشیر سیاسی امور
اسلام آباد(آئی این پی‘آن لائن)وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے بانی پی ٹی آئی سے مبینہ بدسلوکی کا بیانیہ بے بنیاد ثابت ہوا۔سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے پی ٹی آئی کے جھوٹے بیانیے پر شدید تنقید کی۔عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ عالمی میڈیا میں علیمہ خان اور بانی پی ٹی آئی کے خاندان کے دیگر افراد کی جانب سے جیل میں مبینہ بدسلوکی اور ناقص حالات کے حوالے سے جو بیانیہ پیش کیا جا رہا تھا وہ بے بنیاد ثابت ہوا ہے۔وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ رپورٹ، جس میں ان کے روزمرہ معمولات اور خوراک کے منصوبے کی تفصیلات شامل ہیں، نے تمام ابہام دور کر دیا ہے۔عطا تارڑ نے کہا کہ رپورٹ کے مطابق انہیں تمام ضروری سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں بلکہ وہ دیگر قیدیوں کی نسبت زیادہ مراعات سے بھی مستفید ہو رہے ہیں۔دریں اثناء ایوان بالا میں پاکستان مسلم لیگ ن کے پارلیمانی لیڈر سینیٹر رانا ثناء اللہ نے کہاہے بانی پی ٹی آئی کی صحت کے حوالے سے سپریم کورٹ کی رپورٹ حکومتی موقف کی تائید ہے اس پر سیاست نہ کی جائے۔انہوں نے کہاسپریم کورٹ کے حکم پر سلمان صفدر نے بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی ہے اور اس کو دی جانے والی تمام سہولیات کا حوالہ دیا ہے انہوں نے کہا ہمارے بھائی تسلسل سے پراپیگنڈا کر رہے تھے سہولتیں واپس لی گئی ہیں مگر سلمان صفدر نے رپورٹ میں اس کی تردید کی ہے انہوں نے کہاکہ سلمان صفدر نے رپورٹ میں حوالہ دیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی نے کہا بہتر ڈاکٹر سے علاج کرایا جائے اس معاملے پر سیاست نہیں کرنی چاھیے