شہباز شریف سے ایرانی سفیر کی ملاقات، علاقائی صورتحال اور مذاکرات پر تبادلہ خیال

شہباز شریف سے ایرانی سفیر کی ملاقات، علاقائی صورتحال اور مذاکرات پر تبادلہ خیال

امریکا اور ایران کے درمیان جاری کشیدگی اور ممکنہ امن کوششوں کے تناظر میں پاکستان کے متحرک سفارتی کردار کے حوالے سے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں ایرانی سفیر نے وزیراعظم پاکستان شہباز شریف سے اسلام آباد میں ملاقات کی۔

ملاقات میں خطے کی مجموعی صورتحال، بدلتے ہوئے جیوپولیٹیکل حالات اور امن کے قیام کے لیے جاری سفارتی کوششوں پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ دونوں فریقین نے اس بات پر زور دیا کہ موجودہ کشیدگی میں کمی اور استحکام کے لیے مذاکرات کا عمل انتہائی اہم ہے۔یہ ملاقات ایسے وقت میں ہوئی ہے جب  امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی برقرار ہے اور دونوں ممالک کے درمیان براہِ راست مذاکرات کے حوالے سے اب بھی غیر یقینی صورتحال پائی جاتی ہے۔

پاکستان اس پورے خطے میں ایک اہم ثالث کے طور پر سامنے آ رہا ہے، اور اسلام آباد کی جانب سے مسلسل کوششیں کی جا رہی ہیں کہ دونوں فریقین کو مذاکرات کی میز پر لایا جائے۔ حکومتی ذرائع کے مطابق پاکستان کا مؤقف ہے کہ خطے میں پائیدار امن صرف سفارتکاری اور بات چیت کے ذریعے ہی ممکن ہے، اور اسی مقصد کے لیے اعلیٰ سطح پر رابطے جاری ہیں۔