اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف اور پاکستان میں متعین ایرانی سفیر رضا امیری مقدم کے درمیان اہم ملاقات ہوئی جس میں ایران اور اسرائیل کے درمیان حالیہ کشیدگی، خطے میں امن و استحکام اور بدلتی ہوئی جغرافیائی و سیاسی صورتحال پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
ذرائع کے مطابق، ایرانی سفیر نے وزیراعظم کو ایران، اسرائیل اور امریکا کے درمیان جاری تنازع پر بریفنگ دی اور ایران کے مؤقف سے آگاہ کیا۔ رضا امیری مقدم نے اس بات پر زور دیا کہ ایران خطے میں جارحیت کا جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے اور خودمختاری کے تحفظ کے لیے ہر ممکن قدم اٹھائے گا۔وزیراعظم شہباز شریف نے اس موقع پر پاکستان کے اصولی مؤقف کو دہراتے ہوئے کہا کہ پاکستان خطے میں امن و استحکام کا خواہاں ہے اور تمام تنازعات کا حل سفارتکاری اور بات چیت کے ذریعے ہی ممکن ہے۔ایرانی سفیر نے اقوام متحدہ میں ایران کے مؤقف کی حمایت پر حکومت پاکستان اور عوام کا شکریہ ادا کیا۔ ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے پاک-ایران تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔