پنجاب اسمبلی میں وزیراعلیٰ مریم نواز کے دو سال مکمل ہونے پر خراجِ تحسین کی قرارداد منظور

پنجاب اسمبلی میں وزیراعلیٰ مریم نواز کے دو سال مکمل ہونے پر خراجِ تحسین کی قرارداد منظور

پنجاب اسمبلی میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے دو سال مکمل ہونے پر خراجِ تحسین کی قرارداد کثرتِ رائے سے منظور کر لی گئی۔

یہ قرارداد حکومتی رکن احسن رضا نے پیش کی، جس میں وزیراعلیٰ مریم نواز اور ان کی ٹیم کو صوبائی حکومت کے دو سالہ دورِ حکومت میں کارکردگی پر مبارکباد دی گئی اور ان کی قیادت، محنت اور انتظامی صلاحیتوں کو سراہا گیا۔قرارداد کے متن کے مطابق ایوان نے کہا کہ مریم نواز کی قیادت میں پنجاب ترقی اور خوشحالی کی نئی راہوں پر گامزن ہوا ہے اور انہوں نے مختصر مدت میں خود کو عوامی توقعات کی حقیقی ترجمان ثابت کیا ہے۔اسمبلی میں حکومت کے مختلف فلیگ شپ منصوبوں کو بھی سراہا گیا، جن میں نواز شریف کینسر انسٹی ٹیوٹ کا قیام، “اپنی چھت، اپنا گھر” اسکیم، دھی رانی پروگرام، ہمت کارڈ، ستھرا پنجاب مہم اور کسانوں کے لیے گرین ٹریکٹر اسکیم شامل ہیں۔

قرارداد میں مزید کہا گیا کہ ان منصوبوں کے ذریعے شہریوں کو بلا امتیاز ترقی کے مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں اور تمام پروگرام شفافیت کے ساتھ آگے بڑھ رہے ہیں۔ ایوان کے مطابق وزیراعلیٰ مریم نواز نے اپنی پالیسیوں سے یہ ثابت کیا ہے کہ وہ پنجاب کو ایک جدید اور خوشحال صوبہ بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔