لاہور: ورلڈ وائلڈ لائف فنڈ امریکا نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کو نایاب نسل کی انڈس ریور ڈولفن کے تحفظ کے لیے کیے گئے اقدامات پر خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے اسے ماحولیات کے شعبے میں ایک اہم پیش رفت قرار دیا ہے۔
ڈبلیو ڈبلیو ایف امریکا کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پنجاب حکومت نے ’پنجند انڈس ریور ڈولفن سینکچوری‘ قائم کر کے میٹھے پانی کی نایاب ڈولفن کے تحفظ کی جانب ایک تاریخی سنگِ میل عبور کیا ہے۔بیان کے مطابق یہ محفوظ علاقہ دریائے سندھ کے تقریباً 123 میل طویل حصے پر محیط ہوگا، جہاں انڈس ریور ڈولفن کو محفوظ ماحول فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ اس کی افزائش اور بقا کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں گے۔ڈبلیو ڈبلیو ایف نے بتایا کہ اس منصوبے کا آغاز سینئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب کی سربراہی میں کیا گیا، جبکہ وزیراعلیٰ مریم نواز کی قیادت میں اسے عملی شکل دی گئی۔بیان میں کہا گیا کہ دریاؤں میں آلودگی، پانی کے بہاؤ میں تبدیلی اور ماحولیاتی مسائل کے باعث انڈس ریور ڈولفن کی بقا کو سنگین خطرات لاحق تھے، تاہم نئی سینکچوری ان خطرات میں کمی لانے اور اس نایاب آبی حیات کے تحفظ میں اہم کردار ادا کرے گی۔
مزید بتایا گیا کہ پنجند انڈس ریور ڈولفن سینکچوری کو سندھ میں پہلے سے قائم محفوظ علاقے سے بھی منسلک کیا جائے گا، جس سے ڈولفن کے قدرتی مسکن کو مزید وسعت اور تحفظ حاصل ہوگا۔ماحولیاتی ماہرین کے مطابق یہ اقدام نہ صرف پاکستان میں جنگلی حیات کے تحفظ کے لیے اہم پیش رفت ہے بلکہ عالمی سطح پر حیاتیاتی تنوع کے فروغ اور نایاب آبی حیات کے تحفظ کی کوششوں میں بھی مثبت اضافہ ثابت ہوگا۔