پنجاب اسمبلی میں وزیراعلیٰ مریم نواز کو ٹیکس فری اور عوام دوست بجٹ پیش کرنے پر خراجِ تحسین پیش کرنے کی قرارداد جمع کرا دی گئی۔
یہ قرارداد مسلم لیگ (ن) کی رکن اسمبلی حنا پرویز بٹ نے جمع کرائی، جس میں کہا گیا ہے کہ پنجاب اسمبلی کا یہ ایوان ٹیکس فری، عوام دوست اور ترقیاتی بجٹ پیش کرنے پر وزیراعلیٰ مریم نواز کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتا ہے۔قرارداد میں مزید کہا گیا کہ وزیر خزانہ مجتبیٰ شجاع الرحمٰن بھی مبارکباد کے مستحق ہیں جنہوں نے عوامی ریلیف کو ترجیح دی۔حنا پرویز بٹ کے مطابق، وزیراعلیٰ مریم نواز نے صحت، تعلیم، زراعت اور ترقیاتی منصوبوں کے بجٹ میں تاریخی اضافہ کیا۔ بجٹ میں طلبہ اور خواتین کے لیے خطیر رقم مختص کی گئی، جو ظاہر کرتا ہے کہ نوجوان طبقہ مریم نواز کی ترجیحات میں سرِفہرست ہے۔قرارداد میں کہا گیا کہ یہ بجٹ عوامی امنگوں کا ترجمان اور خدمتِ خلق کا عکاس ہے، اور ایوان اس عزم کا اعادہ کرتا ہے کہ عام آدمی کی زندگی میں آسانیاں لانے کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھا جائے گا۔