وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ڈیرہ غازی خان اور راجن پور کی بارڈر ملٹری پولیس میں شمولیت اختیار کرنے والی 53 باہمت خواتین کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
سماجی رابطوں پر پیغام
سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر اپنے پیغام میں مریم نواز نے کہا:"ڈی جی خان اور راجن پور کی بارڈر ملٹری پولیس میں 53 باہمت خواتین نے شمولیت اختیار کرکے تاریخ رقم کردی۔"انہوں نے کہا کہ جہاں کبھی خواتین کا نام لینا بھی محال تھا، آج وہاں حوصلہ مند خواتین جرأت اور وقار کے ساتھ قدم رکھ چکی ہیں۔
وردی میں خدمات پر خوشی کا اظہار
وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا:"خوشی ہے کہ وردی پوش قابل فخر بیٹیاں اب محافظ کے فرائض سرانجام دیں گی۔"
فرسودہ روایات توڑنے والی خواتین کو سلام
مریم نواز نے کہا کہ وہ ان بیٹیوں کو سلام پیش کرتی ہیں جو فرسودہ روایات کی زنجیریں توڑ کر آگے بڑھ رہی ہیں۔ انہوں نے اس اقدام کو پنجاب میں خواتین کے بااختیار ہونے کی بڑی مثال قرار دیا۔یہ پہلا موقع ہے کہ پنجاب کی بارڈر ملٹری پولیس میں اتنی بڑی تعداد میں خواتین شامل ہوئی ہیں، جسے صوبے میں خواتین کے لیے ایک تاریخی پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔