لیاری میں غیر قانونی طور پر 70 دن کے اندر 7 منزلہ عمارت تعمیر کرنے کا انکشاف ہوا ہے۔
اس معاملے میں شہری زاہد حسین نے سندھ ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی ہے تاکہ اس غیر قانونی تعمیرات کے خلاف کارروائی کی جائے اور انسانی جانوں کو محفوظ بنایا جا سکے۔ درخواست میں بتایا گیا ہے کہ لیاری کے علاقے آگرہ تاج میں بلڈرز نے محض 70 دن میں سات منزلہ عمارت تعمیر کی ہے، جو کہ سندھ سٹیبلشمنٹ اور دیگر قوانین کی خلاف ورزی ہے۔ عمارت کا مقام پلاٹ نمبر 25، آگرہ تاج کالونی مرزا آدم خان روڈ ہے۔ مؤقف کے مطابق، یہ تعمیر غیر قانونی طریقے سے کی گئی ہے اور ناقص مواد استعمال کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ، درخواست میں نشاندہی کی گئی ہے کہ اس سے قبل بھی متعدد شکایات درج کرائی گئی تھیں، مگر سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) نے کوئی کارروائی نہیں کی۔
اس سے قبل لیاری کے علاقے بغدادی میں ایک عمارت کے منہدم ہونے کے واقعے میں 13 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں، جس کے بعد یہ غیر قانونی تعمیرات انسانی جانوں کے لیے ایک بڑا خطرہ بن چکی ہیں۔ درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ غیر قانونی طور پر تعمیر شدہ عمارت کو فوری طور پر گرایا جائے اور ایس بی سی اے کو غیر قانونی تعمیرات کے خلاف سخت کارروائی کا حکم دیا جائے تاکہ عوام کی جانیں محفوظ رہ سکیں۔