کراچی: لیاری میں پانچ منزلہ عمارت زمین بوس، متعدد افراد ملبے تلے دب گئے

کراچی: لیاری میں پانچ منزلہ عمارت زمین بوس، متعدد افراد ملبے تلے دب گئے

شہر قائد کے علاقے لیاری بغدادی میں واقع النوید ہوٹل کے قریب ایک پانچ منزلہ رہائشی عمارت اچانک زمین بوس ہو گئی، جس کے ملبے تلے متعدد افراد دب گئے۔

عمارت میں چھ خاندان رہائش پذیر تھے۔

 اب تک کی تفصیلات:
عمارت کے ملبے سے 6 زخمیوں کو نکال لیا گیا، جن میں 2 کی حالت تشویشناک ہے۔40 سالہ خاتون کو شدید زخمی حالت میں سول اسپتال منتقل کیا گیا، جسم پر فریکچر اور گہرے زخم پائے گئے۔
تنگ گلیوں اور رکاوٹوں کے باعث ہیوی مشینری کو جائے وقوعہ تک پہنچانے میں مشکلات درپیش ہیں۔متصل دو منزلہ عمارت کو خالی کرا لیا گیا، دیگر عمارتوں کو بھی خطرے میں قرار دیا گیا ہے۔
 ریسکیو سرگرمیاں:
پولیس، رینجرز، ریسکیو ٹیمیں اور ڈپٹی کمشنر ساؤتھ جاوید نبی کھوسو موقع پر موجود۔مقامی افراد بھی اپنی مدد آپ کے تحت امدادی سرگرمیوں میں شریک ہیں۔سول اسپتال کراچی میں زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
 حکومتی ردعمل:
گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ریسکیو اداروں کو فوری اور مؤثر کارروائی کی ہدایت کی۔انہوں نے واضح کیا کہ کسی بھی غفلت کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے واقعے کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے تحقیقات اور فوری رپورٹ طلب کر لی ہے۔وزیراعلیٰ نے تمام وسائل بروئے کار لانے اور زخمیوں کو فوری طبی امداد کی ہدایت کی۔
 پس منظر:
کراچی میں خستہ حال اور بوسیدہ عمارتوں کے گرنے کے واقعات معمول بن چکے ہیں۔ شہری حلقوں کی جانب سے مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ پرانی عمارتوں کا فوری سروے کر کے ان کے خلاف بروقت اقدامات کیے جائیں تاکہ قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع روکا جا سکے۔