کامیاب ہڑتال پر کارکنوں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں‘ ملک بھر میں تحریک بڑھ رہی ہے
، حکمرانوں نے عوام کا جینا دوبھر کر دیا ہے، دو وقت کی روٹی مشکل ہو گئی :مینگورہ میں جلسہ سے خطاب
مینگورہ(مانیٹرنگ ڈیسک) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے ہمارے نوجوانوں نے تاریخی جدوجہد کی، ملک بھر میں تحریک بڑھ رہی ہے۔حافظ نعیم الرحمان نے ملک گیر تاریخی ہڑتال پر کارکنوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ کراچی کے تاجروں نے ہڑتال کی بنیاد رکھی، اندرون سندھ کے تمام شہروں میں عوام نکل آئے، پنجاب اور خیبرپختونخوا بھر میں بھی کامیاب ہڑتال ہوئی، مالاکنڈ ڈویژن میں مکمل طور پر کاروباری سرگرمیاں بند رہیں۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کی تحریک عام لوگوں کی آواز ہے، حکمرانوں نے عوام کا جینا دوبھر کر دیا ہے، دو وقت کی روٹی مشکل ہو گئی ہے، سفر کرنا مشکل ہو چکا ہے اور بجلی کے بھاری بل آتے ہیں‘امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ پٹرول پر لیوی لگا کر قیمتیں آسمان پر پہنچا دی گئی ہیں، پٹرول کے باعث اشیائے ضروریہ مہنگی ہو چکی ہیں، ہر موٹرسائیکل سوار پٹرول پر 35 فیصد ٹیکس دیتا ہے۔