سنّی دیول کی فلم ’جاٹ‘ نے 11 دن میں 100 کروڑ کا سنگِ میل عبور کر لیا

سنّی دیول کی فلم ’جاٹ‘ نے 11 دن میں 100 کروڑ کا سنگِ میل عبور کر لیا

سنی دیول کی حالیہ ریلیز ہونے والی ایکشن سے بھرپور فلم "جاٹ" نے باکس آفس پر دھوم مچا دی ہے۔

 فلم نے صرف 11 دنوں میں دنیا بھر سے 102.13 کروڑ بھارتی روپے کا بزنس کر کے شائقین اور ناقدین کو حیران کر دیا ہے۔ فلم کے پروڈیوسرز نے اس کامیابی کا باضابطہ اعلان کرتے ہوئے اسے "عوامی کمرشل سنیما کی فتح" قرار دیا ہے۔فلم 10 اپریل کو ریلیز ہوئی تھی اور اسے ہدایتکار گوپی چند مالینینی نے ڈائریکٹ کیا ہے۔ فلم کو میتری مووی میکرز اور پیپل میڈیا فیکٹری نے مشترکہ طور پر پروڈیوس کیا ہے۔ فلم کے باکس آفس کلیکشنز کو میتری مووی میکرز نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم "ایکس" (سابقہ ٹوئٹر) پر شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ فلم خاص طور پر سنگل اسکرین سینماؤں میں بے حد مقبول ہو رہی ہے۔"جاٹ" میں سنی دیول کے ساتھ ساتھ رندیپ ہودا، وینیت کمار سنگھ اور سایامی کھیر نے بھی اہم کردار نبھائے ہیں۔

فلم کی کہانی جہاں جذبات سے بھرپور ہے، وہیں زبردست ایکشن اور سنی دیول کی طاقتور موجودگی نے اسے باکس آفس پر بڑی کامیابی دلوائی ہے۔فلم کی مقبولیت کو دیکھتے ہوئے اس کے سیکوئل کا اعلان بھی کر دیا گیا ہے، اور تخلیق کاروں کے مطابق اس پر جلد کام شروع ہو جائے گا۔ جاٹ کی اس کامیابی نے ایک بار پھر یہ ثابت کر دیا ہے کہ اگر کہانی، جذبات اور ایکشن کا امتزاج ہو، تو عوامی کمرشل فلمیں آج بھی سنیما گھروں میں دھوم مچانے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہیں۔