بالی ووڈ کے معروف اداکار سنی دیول نے اپنی زندگی کے مشکل ترین دور سے پردہ اٹھاتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ فلم ’غدر 2‘ کی کامیابی سے قبل وہ تقریباً 55 کروڑ 99 لاکھ بھارتی روپے کے قرض میں ڈوبے ہوئے تھے۔
انہوں نے حالیہ پوڈکاسٹ میں اپنے مالی بحران کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ یہ مشکلات ان کی سرمایہ کاری اور فلم سازی میں کی گئی سرمایہ کاری کی وجہ سے پیدا ہوئیں، جن میں ’گھائل ونس اگین‘ سمیت دیگر منصوبے شامل تھے۔اداکار کے مطابق، مطلوبہ کاروباری کامیابی نہ ملنے کے باعث انہیں بھاری مالی نقصان برداشت کرنا پڑا، اور یہ قرض ان کی ذاتی سرمایہ کاری اور اثاثوں سے جڑا تھا، جنہیں فروخت کر کے انہوں نے واجب الادا رقم ادا کرنے کا فیصلہ کیا۔سنی دیول نے بتایا کہ 2019 میں انہوں نے فلم ’پل پل دل کے پاس‘ کی ہدایت کاری بھی کی، جس میں ان کے بیٹے کرن دیول نے بالی ووڈ میں قدم رکھا، مگر وہ بھی باکس آفس پر کامیاب نہ ہو سکی۔
سال 2023 میں، ’غدر 2‘ کی ریکارڈ کامیابی کے بعد ایک بینک نے ممبئی کے جوہو علاقے میں واقع ان کا بنگلہ نیلام کرنے کے نوٹس جاری کیا تھا، جس میں تقریباً 55.99 کروڑ بھارتی روپے واجب الادا تھے۔ تاہم، بعد میں ادائیگی کے معاملے پر پیش رفت کے بعد اس نوٹس کو واپس لے لیا گیا۔سنی دیول نے اپنی مالی مشکلات کے باوجود اپنی زندگانی خوشگوار رکھی اور کہا کہ پیسے کو اپنی زندگی پر حاوی ہونے نہیں دیا۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ان پر کوئی ذاتی قرض نہیں تھا، بلکہ یہ سب ان کی سرمایہ کاری اور اثاثوں سے جڑے تھے۔