بالی ووڈ کے معروف اداکار سنی دیول نے تاریخی شخصیت شہنشاہ اشوک کی زندگی پر فلم بنانے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اس منصوبے میں اپنے دونوں بیٹوں کرن دیول اور راج ویر دیول کو بھی شامل کرنا چاہتے ہیں۔
سنی دیول نے اپنی آنے والی فلم 'بٹوارہ 1947' کی تشہیری مہم کے دوران پٹنہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ شہنشاہ اشوک کی زندگی پر فلم بنانا ان کا ایک پرانا خواب ہے، کیونکہ یہ موضوع ان کے دل کے بہت قریب ہے۔انہوں نے بتایا کہ معروف ہدایت کار راج کمار سنتوشی اور چندر پرکاش دویدی اس موضوع پر انہیں کہانی بھی سنا چکے ہیں، تاہم اس نوعیت کی تاریخی فلم کے لیے بہت بڑے بجٹ اور وسیع پیمانے پر تیاری کی ضرورت ہوتی ہے۔سنی دیول کا کہنا تھا کہ وہ اس منصوبے کو ضرور حقیقت کا روپ دینا چاہتے ہیں اور ان کے خیال میں شہنشاہ اشوک کی زندگی اتنی وسیع اور دلچسپ ہے کہ اس میں ان کے دونوں بیٹوں کرن دیول اور راج ویر دیول کو بھی اہم کردار دیے جا سکتے ہیں۔اداکار نے مزید کہا کہ ماضی میں بڑے بجٹ کی فلمیں بنانے کے لیے ان کے پاس مطلوبہ وسائل دستیاب نہیں تھے، تاہم 'غدر 2' کی شاندار کامیابی کے بعد ان کی پوزیشن پہلے سے بہتر ہوئی ہے اور انہیں امید ہے کہ مستقبل میں وہ اپنے اس خواب کو پورا کرنے میں کامیاب ہوں گے۔دوسری جانب سنی دیول کی نئی فلم 'بٹوارہ 1947' کی ہدایت کاری راج کمار سنتوشی نے کی ہے، جبکہ اس فلم کو عامر خان پروڈکشنز نے پروڈیوس کیا ہے۔