وزیراعظم شہباز شریف صدر رجب طیب اِردوان کی دعوت پر ترکیہ کے دو روزہ دورے پر انقرہ روانہ ہو گئے ہیں۔
اس دورے کے دوران وزیراعظم اور صدر اِردوان خطے کی صورت حال اور دیگر اہم معاملات پر تبادلہ خیال کریں گے۔دورے کے دوران دونوں رہنما دوطرفہ تعلقات اور عالمی و علاقائی پیش رفت پر بات کریں گے۔ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دیرینہ اتحادی تعلقات ہیں اور دونوں ممالک باقاعدگی سے اعلیٰ سطح کے تبادلوں کا عمل برقرار رکھتے ہیں، جو دونوں ممالک کے درمیان بھائی چارے کے تعلقات کی عکاسی کرتا ہے۔پاکستان اور ترکیہ نے ایک مشترکہ اسٹریٹجک کوآپریشن کونسل بھی قائم کی ہے، جس کے ذریعے باہمی دلچسپی کے امور پر تعاون اور ہم آہنگی کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔ اس کونسل کا ساتواں اجلاس 12-13 فروری 2025 کو اسلام آباد میں منعقد ہوا تھا، جس کی مشترکہ صدارت صدر اِردوان اور وزیراعظم شہباز شریف نے کی تھی۔دونوں رہنماؤں کے درمیان حالیہ ملاقات دونوں ممالک کے درمیان کثیر جہتی شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے کی ایک اہم قدم ہے۔ وزیراعظم کے ہمراہ نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وزیر اطلاعات ونشریات عطا اللہ تارڑ اور معان خصوصی طارق فاطمی بھی ترکیہ کے دورے پر ہیں۔