صدر پیوٹن کی وزیراعظم شہباز شریف کو نومبر میں روس دورے کی دعوت

صدر پیوٹن کی وزیراعظم شہباز شریف کو نومبر میں روس دورے کی دعوت

چین کے دارالحکومت بیجنگ میں وزیراعظم پاکستان شہباز شریف اور روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن کے درمیان اہم ملاقات ہوئی، جس میں دونوں رہنماؤں نے گرم جوشی سے مصافحہ کیا۔

 ملاقات کے دوران دونوں جانب سے دوطرفہ تعلقات کے فروغ اور باہمی تعاون کے امور پر بات چیت کی گئی۔صدر پیوٹن نے اس موقع پر وزیرِ اعظم شہباز شریف کو نومبر میں روس کے سرکاری دورے کی دعوت دی۔ انہوں نے پاکستان میں حالیہ سیلاب سے ہونے والے نقصانات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ روس پاکستان کے ساتھ تعلقات کی اہمیت کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور امید کرتا ہے کہ پاکستان قدرتی آفات سے درپیش مشکلات کا کامیابی سے مقابلہ کرے گا۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے ملاقات میں کہا کہ پاکستان روس کے ساتھ دوطرفہ تجارت بڑھانے اور مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کا خواہاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک نے زراعت، توانائی اور ٹرانسپورٹ کے شعبوں میں تعاون کے پروٹوکول پر دستخط کر کے باہمی تعلقات کو مضبوط بنیاد فراہم کی ہے۔وزیرِ اعظم نے مزید کہا کہ پاکستان خطے میں امن، ترقی اور خوش حالی کے فروغ کے لیے پرعزم ہے اور روس کے ساتھ تعلقات کو وقت کے ساتھ مزید مستحکم کرنے کے لیے اقدامات کر رہا ہے۔