وزیراعظم شہباز شریف سے امریکا میں مقیم پاکستانی نوجوانوں کے وفد نے ملاقات کی، جس میں صحت، آئی ٹی، مصنوعی ذہانت، سماجی کاروبار، یوتھ این جی اوز اور مختلف شعبوں سے وابستہ پروفیشنلز نے شرکت کی۔
وزیراعظم نے پاکستانی نوجوانوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے انہیں پاکستان کی ترقی اور مختلف شعبوں میں بہتری کے لیے تجاویز دینے اور اپنا بھرپور کردار ادا کرنے کی دعوت دی۔ ان کا کہنا تھا کہ بیرون ملک مقیم باصلاحیت پاکستانی نوجوان پوری قوم کے لیے باعث فخر ہیں۔شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کی ترقی میں نوجوانوں کا کردار بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔ نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے لیے آئی ٹی، مصنوعی ذہانت اور جدید ہنر کی تعلیم کے فروغ پر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔وزیراعظم نے اپنے دورِ وزارتِ اعلیٰ پنجاب کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ باصلاحیت نوجوانوں کو لیپ ٹاپس اور وظائف فراہم کرنے کے ساتھ معاشی طور پر کمزور طلبہ و طالبات کے لیے دانش اسکولز کے ذریعے معیاری تعلیم کا سلسلہ شروع کیا گیا تھا، جسے اب قومی سطح پر بھی جاری رکھا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ معاشی طور پر کمزور بچوں کو بین الاقوامی معیار کی تعلیم کی فراہمی کے ساتھ عالمی معیار کی دانش یونیورسٹی بھی قائم کی جا رہی ہے۔
ملاقات کے دوران وزیراعظم نے نوجوانوں کی جانب سے پیش کی جانے والی تجاویز کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی ترقی کے لیے نوجوانوں کی صلاحیتوں سے بھرپور استفادہ کیا جائے گا۔پاکستانی نوجوانوں نے بھی نوجوانوں کی ترقی، بالخصوص آئی ٹی، مصنوعی ذہانت اور کاروبار میں آسانی کے لیے حکومت کی جانب سے کیے جانے والے اقدامات کو سراہا۔ملاقات میں چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان، معاون خصوصی بلال بن ثاقب، اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار، امریکا میں پاکستان کے سفیر رضوان احمد شیخ، وزیراعظم کے غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے ترجمان مشرف زیدی، اوورسیز فاؤنڈیشن کے چیئرمین سید قمر رضا، مینیجنگ ڈائریکٹر افضال بھٹی اور دیگر متعلقہ اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔