ویب ڈیسک: وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کو پاکستان کی جانب سے معاشی اصلاحات جاری رکھنے کی مکمل یقین دہانی کرائی ہے۔
انہوں نے یہ یقین دہانی اپنے دورہ واشنگٹن کے دوران عالمی مالیاتی اداروں اور امریکی حکام سے اہم ملاقاتوں میں کرائی۔
آئی ایم ایف مینیجنگ ڈائریکٹر سے ملاقات:
آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کے موسم بہار اجلاس کی سائیڈ لائنز پر وزیر خزانہ کی ملاقات آئی ایم ایف کی مینیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جورجیوا سے ہوئی۔ محمد اورنگزیب نے پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان سٹاف لیول معاہدے پر شکریہ ادا کیا اور پائیدار معاشی استحکام کو یقینی بنانے کے حکومتی عزم کو دہرایا۔انہوں نے معدنیات کے شعبے میں امریکہ کے ساتھ تعاون جاری رکھنے کی خواہش کا اظہار بھی کیا۔ اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے آئی ایم ایف کی سربراہ کو دورہ پاکستان کی دعوت کا اعادہ بھی کیا گیا۔
عالمی بینک صدر سے ملاقات:
محمد اورنگزیب نے ورلڈ بینک گروپ کے صدر اجے بانگا سے بھی ملاقات کی، جہاں انہوں نے کنٹری پارٹنرشپ فریم ورک (CPF) کی اہمیت پر زور دیا اور پاکستان کے ترقیاتی ایجنڈے میں ورلڈ بینک کے کردار کو سراہا۔
امریکی محکمہ خزانہ کے حکام سے ملاقات:
بعد ازاں وزیر خزانہ نے امریکی محکمہ خزانہ کے اسسٹنٹ سیکرٹری رابرٹ کیپروتھ سے ملاقات کی، جہاں انہوں نے پاکستان کی معاشی صورتحال سے آگاہ کیا۔ اس کے علاوہ انہوں نے امریکی کاروباری شخصیات اور رہنماؤں سے ایک ظہرانے میں ملاقات کی اور انہیں پاکستان کے بہتر ہوتے معاشی اشاریوں سے متعلق بریفنگ دی۔
نجی شعبے اور توانائی پر توجہ:
وزیر خزانہ نے انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن (IFC) کی نائب صدر ہیلا شیخ روحو سے ملاقات میں نجی شعبے کی اصلاحات اور توانائی کی منتقلی کے میدان میں تعاون پر گفتگو کی۔
ڈیلوئٹ کمپنی سے ملاقات:
محمد اورنگزیب نے امریکی کمپنی ڈیلوئٹ کی ٹیم سے بھی ملاقات کی، جس میں توانائی کے شعبے میں اصلاحات، معدنیات کی تلاش اور مارکیٹنگ سے متعلق پاکستان کے منصوبوں پر بریفنگ دی گئی۔