آئی ایم ایف کا پیٹرول پر سبسڈی محدود رکھنے کا مطالبہ، حکومت نے ایڈجسٹمنٹ کی یقین دہانی کرادی.
عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات پر طویل مدتی سبسڈی کے اثرات پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ سبسڈی صرف مخصوص غریب طبقے تک محدود رکھی جائے۔ حکام وزارت خزانہ نے آئی ایم ایف کو یقین دہانی کرائی ہے کہ موجودہ پیٹرول پر سبسڈی عارضی ہے اور قیمتیں عالمی منڈی کے مطابق ایڈجسٹ کی جائیں گی۔
ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف نے تجویز دی ہے کہ پیٹرول سستا کرنے کے بجائے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) کے مستحقین کو 5000 روپے کا اضافی اعزازیہ دیا جائے۔ اس کے تحت جنوری 2027 سے بی آئی ایس پی کے تحت اہل افراد کو کل 19,500 روپے فراہم کیے جائیں گے۔
مزید برآں، وفاقی حکومت نے آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات کے بعد کھاد اور زرعی ادویات پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی (ایف ای ڈی) عارضی طور پر مؤخر کرنے کا فیصلہ کیا ہے، تاکہ براہِ راست نقد امداد کے ذریعے غریب طبقے کو مہنگائی کے اثرات سے بہتر تحفظ فراہم کیا جا سکے۔