وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی امریکی حکام کے ساتھ اہم ملاقاتیں

وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی امریکی حکام کے ساتھ اہم ملاقاتیں

وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب نے اپنے دورۂ امریکا کے دوران وائٹ ہاؤس میں امریکی انتظامیہ کے اعلیٰ حکام سے اہم ملاقاتیں کیں، جن میں دوطرفہ اقتصادی تعلقات اور تجارتی شراکت کو مزید فروغ دینے پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔

حکومتی اعلامیے کے مطابق، محمد اورنگزیب نے امریکی صدر کے معاونِ خصوصی برائے بین الاقوامی اقتصادی تعلقات ایموری کاکس، وسطی ایشیائی امور کے سینئر ڈائریکٹر رکی گل، اور اکنامک ایڈوائزر کونسل کے قائم مقام چیئرمین پیئر یارڈ سے ملاقات کی۔اعلامیے میں جولائی میں امریکی وزیرِ تجارت ہاورڈ لٹنک اور یو ایس ٹریڈ ریپریزنٹیٹو (USTR) ایمبیسیڈر گریر سے ہونے والی ملاقات کا بھی حوالہ دیا گیا۔ملاقات میں اس بات پر زور دیا گیا کہ تجارت پر حالیہ اتفاق رائے کو ایک وسیع تر اقتصادی شراکت داری میں تبدیل کیا جائے، تاکہ دونوں ممالک کے لیے باہمی فائدہ مند نتائج حاصل کیے جا سکیں۔
دونوں فریقین نے توانائی، معدنیات، زراعت، اور ٹیکنالوجی/آئی ٹی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے امکانات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔اعلامیے کے مطابق، ملاقات کے دوران ڈیجیٹل اثاثوں اور کرپٹو کرنسی سے متعلق ممکنہ تعاون کے پہلوؤں پر بھی بات چیت کی گئی۔وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب نے پاکستان میں حالیہ سیلاب سے قیمتی جانوں کے ضیاع پر امریکی انتظامیہ کی جانب سے اظہارِ تعزیت پر شکریہ ادا کیا۔