انجری کے باعث سلمان مرزا ایشین گیمز 2026 کے کرکٹ مقابلوں سے باہر

انجری کے باعث سلمان مرزا ایشین گیمز 2026 کے کرکٹ مقابلوں سے باہر

کراچی: پاکستان کے بائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر سلمان مرزا انجری کے باعث جاپان میں ہونے والے ایشین گیمز 2026 کے مینز کرکٹ مقابلوں سے باہر ہوگئے ہیں، جبکہ ان کی جگہ محمد وسیم جونیئر کو قومی اسکواڈ میں شامل کرلیا گیا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے مطابق سلمان مرزا کے بائیں ہاتھ کے انگوٹھے میں فریکچر ہوا ہے، جس کے باعث وہ اس وقت بحالی کے مرحلے سے گزر رہے ہیں۔ توقع ہے کہ فاسٹ بولر اکتوبر کے پہلے ہفتے تک مکمل فٹنس حاصل کرلیں گے۔سلمان مرزا کی جگہ محمد وسیم جونیئر کو قومی ٹیم کے 15 رکنی اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔ ایشین گیمز کے مینز ٹی ٹوئنٹی کرکٹ مقابلوں میں پاکستان کی قیادت صاحبزادہ فرحان کریں گے۔ایشین گیمز 2026 کے مینز ٹی ٹوئنٹی کرکٹ مقابلوں کا آغاز 24 ستمبر سے آشی کا صوبے کے کوروگی ایتھلیٹک پارک میں ہوگا، جبکہ میڈل کے مقابلے 3 اکتوبر کو کھیلے جائیں گے۔پاکستانی ٹیم اپنا پہلا کوارٹر فائنل 28 ستمبر کو نِشین کے کوروگی اسپورٹس پارک میں کوالیفائنگ ٹیم کے خلاف کھیلے گی۔ قومی ٹیم ایونٹ میں بہتر کارکردگی کے لیے تیاریوں میں مصروف ہے۔

دریں اثنا پاکستانی اسکواڈ کراچی میں جمع ہوگیا ہے، جہاں 21 سے 24 ستمبر تک حنیف محمد ہائی پرفارمنس سینٹر میں تربیتی کیمپ جاری رہے گا۔ تربیتی کیمپ مکمل ہونے کے بعد قومی ٹیم ایشین گیمز میں شرکت کے لیے جاپان روانہ ہوگی۔پاکستان کے 15 رکنی اسکواڈ میں کپتان صاحبزادہ فرحان کے علاوہ عبدالصمد، ابرار احمد، احمد دانیال، عاقب جاوید، علی رضا، عرفات منہاس، حیدر علی، حسن نواز، معاذ صداقت، محمد وسیم جونیئر، سعد مسعود، صائم ایوب، سفیان مقیم اور عثمان خان شامل ہیں۔سلمان مرزا کی انجری کے باعث ٹیم کو ایک اہم فاسٹ بولنگ آپشن سے محروم ہونا پڑا ہے، تاہم محمد وسیم جونیئر کی شمولیت کے بعد قومی اسکواڈ ایشین گیمز کے مینز ٹی ٹوئنٹی مقابلوں میں شرکت کے لیے مکمل ہوگیا ہے