ورلڈکپ 2026 سے قبل ایران کو بڑا دھچکا، اہم کھلاڑی انجری کے باعث باہر

ورلڈکپ 2026 سے قبل ایران کو بڑا دھچکا، اہم کھلاڑی انجری کے باعث باہر

ایران قومی فٹبال ٹیم کو فیفا ورلڈکپ 2026 سے قبل بڑا نقصان پہنچا ہے، کیونکہ ٹیم کے اہم مڈفیلڈر علی غولیزادے گھٹنے کی شدید انجری کے باعث ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق علی غولیزادے پولینڈ کے کلب لیک پوزنان کی جانب سے کھیلتے ہوئے میچ کے دوران زخمی ہوئے، جہاں بعد ازاں ٹیسٹ رپورٹس میں ان کے بائیں گھٹنے کے اے سی ایل لیگامینٹ کے پھٹنے کی تصدیق ہوئی۔کلب حکام کے مطابق ان کی جلد سرجری کی جائے گی، جس کے بعد انہیں طویل بحالی کے مرحلے سے گزرنا ہوگا، جس کی وجہ سے وہ آئندہ ورلڈکپ میں شرکت نہیں کر سکیں گے۔یہ صورتحال ایران کے لیے بڑا دھچکا قرار دی جا رہی ہے کیونکہ علی غولیزادے ٹیم کے اہم اور بااثر کھلاڑیوں میں شمار ہوتے تھے۔

دوسری جانب ایران میں امریکا اور اسرائیل کے ساتھ جاری کشیدگی کے باعث کھیلوں کی سرگرمیوں پر بھی اثرات پڑے ہیں، تاہم قومی ٹیم تہران میں محدود تربیتی کیمپ جاری رکھے ہوئے ہے۔اس کے علاوہ اسٹار فارورڈ سردار آزمون کی ٹیم میں واپسی بھی تاحال غیر یقینی ہے، کیونکہ حالیہ صورتحال کے بعد انہیں اسکواڈ سے باہر رکھا گیا تھا۔یاد رہے کہ فیفا کے صدر جیانی انفانٹینو نے واضح کیا ہے کہ ایران ورلڈکپ 2026 میں شیڈول کے مطابق شرکت کرے گا اور اپنا پہلا میچ 15 جون کو نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلے گا۔