شام: حلب کے قریب فوجی ڈپو میں دھماکے، علاقے میں خوف و ہراس

شام: حلب کے قریب فوجی ڈپو میں دھماکے، علاقے میں خوف و ہراس

شام کے شہر حلب کے قریب شامی فوج کے اسلحہ ڈپو میں زوردار دھماکوں کے باعث کم از کم 4 افراد زخمی ہوگئے، جبکہ مسلسل دھماکوں کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

مقامی ذرائع کے مطابق دھماکے 21 ستمبر کو حلب کے جنوب میں واقع العیس کے علاقے میں ہوئے۔ ابتدائی طور پر ایک زور دار دھماکا سنا گیا، جس کے بعد وقفے وقفے سے متعدد مسلسل دھماکے بھی ہوتے رہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ دھماکے شام کی وزارتِ دفاع کے گولہ بارود کے ڈپو میں ہوئے۔ دھماکوں کی شدت کے باعث علاقے میں موجود شہریوں کو شدید تشویش لاحق ہوگئی، جبکہ امدادی سرگرمیوں میں بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔مسلسل دھماکوں کے باعث امدادی ٹیموں کو جائے وقوعہ تک پہنچنے میں دشواری پیش آئی۔ حکام نے حفاظتی اقدامات کے تحت حلب–دمشق شاہراہ سمیت اطراف کی متعدد سڑکیں بند کردیں۔حکام کی جانب سے شہریوں کو متاثرہ علاقے سے دور رہنے اور غیر ضروری طور پر جائے وقوعہ کے قریب نہ جانے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ مزید کسی ممکنہ حادثے سے بچا جاسکے۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق دھماکوں کے نتیجے میں کم از کم 4 افراد زخمی ہوئے ہیں، تاہم نقصان کی مجموعی صورتحال کے بارے میں مزید تفصیلات سامنے آنا باقی ہیں۔دھماکوں کی اصل وجہ تاحال واضح نہیں ہوسکی۔ متعلقہ حکام نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں، جبکہ مزید معلومات تحقیقات مکمل ہونے کے بعد سامنے آنے کا امکان ہے۔