ویب ڈیسک: جاپان کے شمالی جزیرے ہوکائیڈو میں 6.1 شدت کا شدید زلزلہ محسوس کیا گیا جس کے نتیجے میں شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
زلزلے کے بعد لوگوں کی بڑی تعداد گھروں اور عمارتوں سے باہر نکل آئی۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ زلزلہ 31 مئی کو شام 5 بج کر 37 منٹ پر آیا۔ جاپانی موسمیاتی ایجنسی (JMA) کے مطابق زلزلے کا مرکز کوشیرو (Kushiro) کے جنوب مشرق میں تھا اور اس کی گہرائی تقریباً 20 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی۔زلزلے کے جھٹکے کوشیرو سٹی، کشیرو ٹاؤن اور شیبیچا ٹاؤن سمیت ہوکائیڈو کے مختلف علاقوں میں شدت سے محسوس کیے گئے۔ جاپانی سیزمک اسکیل پر ان جھٹکوں کی شدت کو درجۂ 4 قرار دیا گیا ہے، جبکہ جاپانی سکیل کا زیادہ سے زیادہ درجہ 7 ہے۔تاحال کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی، تاہم مقامی حکام اور ریسکیو اداروں کو الرٹ کر دیا گیا ہے اور شہریوں کو ممکنہ آفٹر شاکس کے پیشِ نظر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔
ماہرین ارضیات کے مطابق جاپان چونکہ زلزلوں کی فالٹ لائن پر واقع ہے، اس لیے مستقبل میں بھی بڑے اور تباہ کن زلزلوں کا خطرہ موجود ہے۔ اسی وجہ سے حکومت نے شہریوں کو ایمرجنسی اقدامات سے آگاہی مہمات تیز کرنے کی ہدایت بھی کی ہے۔زلزلے کے بعد ٹرین سروس اور دیگر سفری سہولیات کو عارضی طور پر معطل کیا گیا تاہم کسی بڑے تعطل کی اطلاع نہیں ملی۔