تہران میں شدید دھماکے، عوام میں خوف و ہراس پھیل گیا

تہران میں شدید دھماکے، عوام میں خوف و ہراس پھیل گیا

ایران کے دارالحکومت تہران اور اس کے اطراف میں متعدد دھماکوں سے خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق آج علی الصبح تہران کے شمالی اور مغربی علاقوں جنت آباد، پونک، شہران، شہرکِ آزادی، تہران پارس اور اکباتان میں شدید دھماکوں کی آوازیں سنائی دی گئیں۔ بعض مکینوں نے گھروں کے لرزنے کی بھی اطلاع دی۔شہر کے جنوبی علاقوں، بشمول ڈسٹرکٹ 19، مہر آباد، شہرکِ راہ آہن، اسلام شہر اور شہر رے میں بھی دھماکوں اور بجلی کی بندش کی اطلاعات موصول ہوئیں۔ رباط کریم اور نیاؤران میں بھی متعدد دھماکوں کی اطلاع ملی۔

ہمسایہ صوبہ البرز کے علاقوں کرج، گل شہر، مہر شہر، جہان شہر، فردیس، گرم درہ اور کردان میں بھی دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں، جبکہ کچھ مقامات پر لڑاکا طیاروں کی پرواز اور فضائی دفاعی سرگرمیوں کی اطلاعات بھی آئیں۔فی الحال دھماکوں کے نتیجے میں کسی جانی یا مالی نقصان کی تصدیق نہیں ہوئی ہے۔