لاہور ٹریفک پولیس نے رات گئے ون ویلنگ، ریسنگ اور سڑکوں پر خوف و ہراس پھیلانے والوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 9 ون ویلرز کو گرفتار کرلیا۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمات بھی درج کیے گئے ہیں۔پولیس کے مطابق کارروائی کے دوران ائیرپورٹ سرکل سے 6 جبکہ گلبرگ سرکل سے 3 ون ویلرز کو گرفتار کیا گیا۔ ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ شہریوں کی جانب سے ون ویلنگ، ریسنگ اور صوتی آلودگی کے حوالے سے متعدد شکایات موصول ہونے کے بعد کارروائی تیز کی گئی۔کارروائی کے دوران مین بلیوارڈ پر غیر قانونی پولیس فلیشر لائٹس استعمال کرنے والے ڈالا گاڑی کے ڈرائیور کو بھی گرفتار کرلیا گیا۔ پولیس نے گاڑی کو تھانے منتقل کرکے مقدمہ درج کرلیا۔ٹریفک پولیس کے مطابق ڈیفنس فیز 6 انڈر پاس کو بلاک کرکے خوف و ہراس پھیلانے والے متعدد ہلڑبازوں کے خلاف بھی کارروائی کی جاچکی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ سڑکوں پر ریسنگ اور ہلڑ بازی سے نہ صرف ٹریفک کی روانی متاثر ہوتی ہے بلکہ شہریوں کی جان و مال کے لیے بھی خطرات پیدا ہوتے ہیں۔
ترجمان کے مطابق بعض ون ویلرز نے سوشل میڈیا پر ون ویلنگ اور ہلڑبازی کی ویڈیوز بھی اپ لوڈ کر رکھی تھیں۔ پولیس سوشل میڈیا اور دیگر دستیاب ڈیٹا کی مدد سے ایسے افراد کی شناخت کررہی ہے جو کارروائی کے دوران فرار ہوگئے، اور ان کے خلاف بھی قانونی کارروائی کی جائے گی۔سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی نے واضح کیا کہ ون ویلنگ، تیز رفتاری اور اوور اسپیڈنگ کے خلاف کارروائی جاری رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ سڑکوں پر ہلڑبازی، روڈ ریج اور شہریوں میں خوف و ہراس پھیلانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔لاہور ٹریفک پولیس کی جانب سے خطرناک ڈرائیونگ اور ون ویلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن اس سے قبل بھی جاری رہا ہے، جبکہ لاہور پولیس اپنی ویب سائٹ پر بھی ون ویلنگ اور خطرناک ریسنگ کے خلاف کارروائیوں کو نمایاں کرتی رہی ہے۔