لاہور میں سموگ کے تدارک اور فضائی آلودگی پر قابو پانے کے لیے لاہور ٹریفک پولیس نے کارروائیوں کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے رات گئے خصوصی ناکے قائم کر دیے۔
دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں، بغیر ترپال مٹی اور ریت لے جانے والی ٹرالیوں اور خستہ حال گاڑیوں کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن جاری ہے۔چیف ٹریفک آفیسر لاہور عبدالرحیم شیرازی کے مطابق شہر میں فضائی آلودگی کا باعث بننے والی گاڑیوں کے خلاف کارروائیوں کے دوران اب تک دھواں چھوڑنے والی 14 ہزار 653 گاڑیوں کو چالان ٹکٹس جاری کیے جا چکے ہیں، جبکہ بغیر ترپال مٹی اور ریت لے جانے والی 10 ہزار 306 گاڑیوں کے خلاف بھی قانونی کارروائی کی گئی ہے۔سی ٹی او لاہور کا کہنا ہے کہ بغیر فٹنس سرٹیفکیٹ اور خستہ حال گاڑیوں کے خلاف بھی کارروائی جاری ہے۔ اس سلسلے میں اب تک 31 ہزار 618 گاڑیوں کو کارروائی کا سامنا کرنا پڑا ہے، جبکہ اوورلوڈنگ کرنے والی 2 لاکھ 72 ہزار 760 گاڑیوں کے خلاف بھی ایکشن لیا جا چکا ہے۔عبدالرحیم شیرازی نے بتایا کہ بغیر ترپال مٹی اور ریت لے جانے والی ٹرالیوں کا لاہور میں داخلہ بند ہے، کیونکہ دوران سفر مٹی اور ریت کے ذرات فضا میں شامل ہو کر فضائی آلودگی میں اضافے کا سبب بنتے ہیں۔
اسی طرح خطرناک حد تک دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے ڈرائیوروں کے خلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے ان کے ڈرائیونگ لائسنس بھی معطل کیے جا رہے ہیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ خلاف ورزی کرنے والی گاڑیوں کی نشاندہی اور مؤثر کارروائی کے لیے آرٹیفیشل انٹیلی جنس (اے آئی) سسٹم سے بھی مدد لی جا رہی ہے۔ جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کی شناخت کرکے ان کے چالان جاری کیے جا رہے ہیں، جس سے ٹریفک قوانین پر عمل درآمد یقینی بنانے میں مدد مل رہی ہے۔سی ٹی او لاہور کے مطابق سموگ کی روک تھام کے لیے خصوصی ٹیمیں شہر کے مختلف داخلی و خارجی راستوں اور اہم شاہراہوں پر تعینات ہیں، جبکہ رات کے اوقات میں بھی ناکہ بندی اور چیکنگ کا سلسلہ جاری ہے تاکہ ماحولیاتی آلودگی کا باعث بننے والی گاڑیوں کے خلاف بروقت کارروائی کی جا سکے۔