لاہور میں ہلڑبازی، غیر قانونی ریسنگ اور موٹرسائیکلوں کے سائلنسر نکال کر شہریوں کا سکون برباد کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔
ٹریفک پولیس نے خطرناک ڈرائیونگ اور سڑکوں پر خوف و ہراس پھیلانے والے عناصر کے خلاف کارروائیاں تیز کر دی ہیں۔تفصیلات کے مطابق ڈیفنس فیز 6 انڈر پاس روڈ پر ہلڑبازی اور خوف و ہراس پھیلانے میں ملوث ایک اور گاڑی کو پکڑ لیا گیا۔ ٹریفک پولیس کی جانب سے شہر میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے اور سڑکوں کو خطرناک سرگرمیوں کے لیے استعمال کرنے والوں کی نگرانی بھی جاری ہے۔دوسری کارروائی میں بلال نامی کار ڈرائیور کو علامہ اقبال روڈ پر دوبارہ خطرناک ڈرائیونگ اور اسٹنٹ کرتے ہوئے گرفتار کر لیا گیا۔ پولیس نے ملزم کے خلاف تھانہ گڑھی شاہو میں مقدمہ درج کرکے اسے حوالات منتقل کر دیا ہے۔
حکام کے مطابق گرفتار کار ڈرائیورز کی جانب سے سوشل میڈیا پر خطرناک ڈرائیونگ اور اسٹنٹ کی متعدد ویڈیوز بھی اپ لوڈ کی گئی ہیں، جنہیں کارروائی کے لیے شواہد کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او) لاہور نے واضح کیا ہے کہ خطرناک ڈرائیونگ کے ذریعے شہریوں کی جانوں کو خطرے میں ڈالنے اور خوف و ہراس پھیلانے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ ایسے عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔