لاہور:نیو ایئر نائٹ پر لاہور پولیس نے شہر میں ہونے والی ہلڑ بازی، ون ویلنگ اور ہوائی فائرنگ کے خلاف بھرپور کارروائی کی۔
پولیس نے اس دوران 258 مقدمات کا اندراج کیا اور 277 ملزمان کو گرفتار کیا۔ پولیس ریکارڈ کے مطابق، ون ویلنگ کرنے والوں کے خلاف 58 مقدمات درج کیے گئے اور 58 ملزمان گرفتار ہوئے۔اسی دوران، ہوائی فائرنگ کے حوالے سے 50 مقدمات درج کیے گئے، جس میں 58 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ آتشبازی کرنے والوں کے خلاف 24 مقدمات درج کیے گئے، جبکہ شہر میں کچی شراب بیچنے والے 17 ملزمان کے خلاف مقدمات کا اندراج کیا گیا۔ اس کے علاوہ، اسلحہ کی نمائش کرنے پر 107 ملزمان کے خلاف مقدمات درج کیے گئے اور ان کو گرفتار کیا گیا۔
پولیس نے اس دوران شہر میں مختلف ناکوں پر موٹر سائیکلوں کی چیکنگ بھی کی اور 4535 موٹر سائیکلوں کو چیک کیا۔ پولیس کی اس کارروائی کا مقصد شہر میں امن و امان برقرار رکھنا اور نئی سال کی رات پر کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنا تھا۔اس کریک ڈاؤن کے دوران لاہور پولیس نے شہر میں نظم و ضبط کی فضا کو یقینی بنانے کے لیے سخت اقدامات اٹھائے، جس کا مقصد عوام کو تحفظ فراہم کرنا اور قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرنا تھا۔