اجوکا تھیٹر کی بانی مدیحہ گوہر کی سالگرہ آج منائی جائے گی

 1973میں اپنے فنی کیرئیر کا آغاز،100 سے زائد اردو اور پنجابی ڈراموں میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا
لاہور( شوبز ڈیسک)معروف اداکارہ ،سماجی کارکن اور اجوکا تھیٹر کی بانی مدیحہ گوہر کی سالگرہ آج منائی جائے گی ۔چہرے کے تاثرات بدلنے اور خوبصورت انداز میں ڈائیلاگ کی ادائیگی کے فن میں ماہر مدیحہ گوہر 21 ستمبر1956کو کراچی میں پیدا ہوئیں۔ انہوں نے گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور سے انگریزی ادب میں ایم اے کیا اور پھر یونیورسٹی آف لندن سے تھیٹر سائنس میں ماسٹرز کی ڈگری حاصل کی۔مدیحہ گوہر نے 1973 میں اپنے فنی کیرئیر کا آغاز پی ٹی وی سے کیا اور 100 سے زائد اردو اور پنجابی ڈراموں میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔ مدیحہ گوہر نے اجوکا تھیٹر کے پلیٹ فارم سے کئی کامیاب ڈرامے پیش کیے جن میں بلھا، دارا، کون ہے یہ گستاخ اور لو پھر بسنت آئی قابل ذکر ہیں۔نامور فنکارہ نے ہدایتکاری کے شعبے میں بھی جوہر دکھائے اور اپنے ڈراموں میں سماجی تبدیلیوں، برداشت اورانسان دوستی کے علاوہ صنفی مساوات کے فرق کا طاقتور پیغام دیا۔مدیحہ گوہر کو فنی خدمات پر فاطمہ جناح ایوارڈ سمیت متعدد اعزازات سے بھی نوازا گیا۔مدیحہ گوہر 25 اپریل 2018 میں 62 سال کی عمر میں لاہور میں انتقال کر گئی تھیں۔