لاہور (شوبز ڈیسک) اجوکا تھیٹر نے پنجاب ڈرامیٹک اینڈ تھیٹریکل پرفارمنسز ایکٹ 2026 پر شدید تحفظات کا اظہارکرتے ہوئے قانون کی واپسی کے لیے مہم چلانے کا اعلان کردیا۔اجوکا تھیٹر نے پنجاب اسمبلی سے پنجاب ڈرامیٹک اینڈ تھیٹریکل پرفارمنسز ایکٹ 2026 کی منظوری پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے آزادی اظہار اور فنکارانہ آزادی کے لیے خطرہ قرار دیا ہے۔اجوکا تھیٹر کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر شاہد ندیم کی سربراہی میں ایک وفد نے سیکریٹری اطلاعات و ثقافت طاہر رضا ہمدانی سے ملاقات کی اور بل پر اپنے تحفظات پیش کیے، وفد میں نروان ندیم اور کنول کرسٹوفر بھی شامل تھے جبکہ پنجاب کونسل آف دی آرٹس کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر محبوب عالم بھی ملاقات میں موجود تھے۔