دہشت کی علامت، ملزم اسحاق ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک

 3 موٹر سائیکل سوار ناکے پر فائرنگ کر کے فصل میں جا چھپے، اسحاق کی لاش برآمد 
 ملزم ماں بیٹی کے ٹکڑے کرنے ، بچے کے قتل سمیت کئی سنگین وارداتوں میں ملوث تھا 
 بھیرہ، سرگودھا (خصوصی رپورٹ)خوف و دہشت کی علامت، سفاک قاتل اسحاق عرف بابو مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک ہو گیا۔سی سی ڈی کے مطابق تین نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے ناکے پر رکنے کے بجائے پولیس پر فائرنگ کر دی اور فصلِ کماد میں جا کر چھپ گئے۔ پولیس نے سرچ آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے کے بعد ایک شخص کی لاش برآمد کی، جس کی شناختی کارڈ سے اسحاق عرف بابو کے نام سے ہوئی۔پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والا ملزم اپنے ساتھیوں کی فائرنگ سے مارا گیا۔ وہ متعدد سنگین جرائم میں ملوث تھا، ملزم نے 2005ء￿  میں عصمت بی بی اور اس کی بیٹی تبسم کو اغوا کے بعد قتل کر کے لاشوں کے ٹکڑے دریائے جہلم میں پھینک دیے تھے۔بعد ازاں 2007ء￿  میں جرائم کا راز فاش ہونے کے خوف سے رخسانہ کو بھی قتل کر دیا جبکہ 2011ء￿  میں اس نے 7 سالہ عاصم کو بدفعلی کے بعد گلا گھونٹ کر قتل کر دیا تھا، جس سے پورے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا تھا۔ہلاک ملزم کے خلاف تھانہ بھیرہ میں 7 مقدمات درج تھے،پولیس نے فرار ہونے والے اس کے ساتھیوں کی تلاش شروع کر دی ہے۔