دہشت کی علامت ڈاکو ساجد چٹا ہلاک

ڈیفنس میں پولیس سے چھڑوانے کیلئے حملہ، 106 سے زائد وارداتوں میں ملوث ساجدچٹا ساتھیوں کی فائرنگ سے ماراگیا
لاہور (کرائم رپو رٹر )آرگنائزڈ کرائم یونٹ اور ڈاکوئوں کے درمیان پولیس مقابلہ ،106 سے زائد سنگین وارداتوں میں ملوث شہر بھر میں دہشت کی علامت سمجھا جانے والا ڈاکو و خطرناک شوٹر ساجد عرف چٹا ہلاک ہوگیا۔ ساجد چٹا ڈکیتی،بھتہ خوری، رابری،موٹرسائیکل چھیننے کی وارداتوں میں اشتہاری تھا۔ انسپکٹر عمران یوسف کی سربراہی میں پولیس ٹیم ملزم کو جسمانی ریمانڈ پر مسروقہ مال برآمد گی کیلئے لے جا رہی تھی کہ ڈیفنس فیز 9 میں چار نامعلوم ملزموں نے اپنے زیرِ حراست ساتھی کو چھڑوانے کیلئے پولیس پر اچانک اندھا دھند فائرنگ کر دی جس سے ساجد عرف چٹا شدید زخمی ہوگیا جسے فوری ہسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ راستے میں ہی دم توڑ گیا۔ملزم رات کے اندھیرے میں فر ارہوگئے۔ پولیس اہلکار محفوظ رہے تاہم گاڑی کوشدید نقصان پہنچا۔ ڈی ایس پی فیصل شریف کے مطابق ساجدچٹا پولیس اہلکاروں کو گن پوائنٹ پر یرغمال بنا کر وردی اتروا کر فرار ہونے میں ماہر تھا۔ کچھ عرصہ قبل اسکا ساتھی بھی پولیس مقابلے میں مارا گیا تھا جبکہ ساجد خود پولیس پر فائرنگ کرتے فرار ہو گیا تھا۔