ایرانی عہدیدار علی شمخانی کی بیٹی کی شادی کی ویڈیو لیک، سوشل میڈیا پر ہنگامہ

ایرانی عہدیدار علی شمخانی کی بیٹی کی شادی کی ویڈیو لیک، سوشل میڈیا پر ہنگامہ

ایران کے اعلیٰ دفاعی اور قومی سلامتی کے عہدیدار ریئر ایڈمرل علی شمخانی اپنی بیٹی کی شادی کی ویڈیو لیک ہونے کے بعد شدید تنقید کا سامنا کر رہے ہیں۔

ایڈمرل شمخانی، جو سپریم لیڈر کے قریبی ساتھی اور طویل عرصے سے سپریم نیشنل سیکیورٹی کونسل کے سیکریٹری رہ چکے ہیں، ایران میں خواتین پر سخت اسلامی قوانین نافذ کرنے اور مظاہرین پر کریک ڈاؤن کے لیے معروف ہیں۔ تاہم، لیک شدہ ویڈیو میں ان کی اپنی فیملی کو ان اصولوں کے برعکس دیکھا گیا ہے۔یہ ویڈیو اپریل میں ریکارڈ کی گئی، جس میں شمخانی کو اپنی بیٹی کو شادی ہال میں لے جاتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ دلہن نے بغیر آستین اور مغربی طرز کے ڈیپ نیک لباس پہنا ہے، جبکہ شمخانی کی اہلیہ نیلے رنگ کے گاؤن میں نظر آ رہی ہیں۔ اس کے علاوہ، ویڈیو میں کئی خواتین بغیر حجاب کے دیکھی جا سکتی ہیں، اور مغربی رسم ’باپ کا بیٹی کو اسٹیج تک لانا‘ ایران کے روایتی اصولوں سے متصادم ہے۔

ویڈیو وائرل ہونے کے بعد سوشل میڈیا پر سیاسی تجزیہ کاروں اور سابق فوجیوں نے مطالبہ کیا ہے کہ شمخانی اپنے عہدوں سے استعفیٰ دیں اور عوام سے معافی مانگیں۔ایک ایرانی صحافی، امیر حسین مصلیٰ، کا کہنا ہے کہ یہ ویڈیو ثابت کرتی ہے کہ حکومتی طبقہ خود اپنے بنائے قوانین پر عمل نہیں کرتا اور صرف عوام کی زندگی مشکل بنانا چاہتا ہے۔یاد رہے کہ 2022ء میں، جب مہسا امینی کی موت کے بعد مظاہرے شروع ہوئے، شمخانی قومی سلامتی کونسل کی سربراہی کر رہے تھے اور انہوں نے سخت ردعمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ اگر مظاہرین واپس نہ گئے تو ان پر حملہ کیا جائے گا۔