نیویارک کے نئے میئر ظہران ممدانی کی تنخواہ پر سوشل میڈیا پر ہنگامہ، آمدنی نے سوالات جنم دے دیے

نیویارک کے نئے میئر ظہران ممدانی کی تنخواہ پر سوشل میڈیا پر ہنگامہ، آمدنی نے سوالات جنم دے دیے

نیویارک سٹی کے نئے منتخب میئر، ظہران ممدانی، کی سالانہ تنخواہ اور رہائشی سہولیات نے سوشل میڈیا پر نئی بحث چھیڑ دی ہے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق، ممدانی کو بطور میئر 258,750 امریکی ڈالر کی سالانہ تنخواہ دی جائے گی، جس کے علاوہ انہیں گریسی مینشن میں بغیر کرایہ کے رہائش کی سہولت بھی حاصل ہوگی۔ ان کی مجموعی ذاتی دولت تقریباً 200,000 ڈالر بتائی گئی ہے۔سوشل میڈیا صارفین نے اس تنخواہ کو "حیرت انگیز طور پر کم" قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ نیویارک جیسے عالمی شہر کے میئر کو اس سے زیادہ معاوضہ ملنا چاہیے۔ ایک صارف نے تبصرہ کیا کہ "نیویارک سٹی کے میئر کی تنخواہ بڑی ٹیک یا لا فرم کے انٹری لیول ملازم سے بھی کم ہے۔" ایک اور صارف نے کہا کہ "اتنے بڑے شہر کو چلانے کے لیے درکار مہارت کے مقابلے میں یہ تنخواہ کم ہے۔"

کچھ صارفین کا خیال ہے کہ شہر کی معیشت کو دیکھتے ہوئے، میئر کی تنخواہ کئی گنا زیادہ ہونی چاہیے۔ وکاس ریڈی جیسے ٹیک کاروباری شخصیات نے تجویز دی ہے کہ "میئر کو کم از کم پانچ ملین ڈالر سالانہ ملنے چاہئیں۔"ظہران ممدانی اس ماہ کے اوائل میں ہونے والے انتخابات میں کامیاب ہوئے تھے اور جنوری میں اپنے عہدے کا حلف لیں گے۔ وہ 34 سال کی عمر میں نیویارک سٹی کے پہلے مسلمان اور گزشتہ ایک صدی کے سب سے کم عمر میئر ہوں گے۔