وزیراعلیٰ مریم نواز سے این ڈی یو سکیورٹی ورکشاپ کے وفد کی ملاقات

وزیراعلیٰ مریم نواز سے این ڈی یو سکیورٹی ورکشاپ کے وفد کی ملاقات

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے این ڈی یو سکیورٹی ورکشاپ کے وفد نے ملاقات کی، جس میں صوبے میں گڈ گورننس، انتظامی امور اور جاری ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران چیف سیکرٹری پنجاب نے وفد کو صوبے کے انتظامی معاملات، حکومتی پالیسیوں اور مختلف شعبوں میں جاری ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں بریفنگ دی۔ اس موقع پر ورکشاپ کے شرکاء نے پنجاب میں جاری عوامی فلاحی منصوبوں اور حکومتی اقدامات کو سراہا۔وزیراعلیٰ مریم نواز نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم سب کو پاکستانی بن کر پاکستان کا سوچنا چاہیے۔ ملک کی ترقی اور بہتری کے لیے اجتماعی سوچ اور قومی مفاد کو ترجیح دینا ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت سفارش اور سیاسی وابستگی سے بالاتر ہوکر میرٹ کو یقینی بنا رہی ہے۔ ہماری کوشش ہے کہ ایسا نظام قائم کیا جائے جہاں کسی شہری کو اپنا جائز کام کروانے کے لیے سفارش کی ضرورت نہ پڑے۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ خواتین کو محض نمائشی حیثیت دینے کے بجائے ترقی کے یکساں مواقع فراہم کرنا ہوں گے۔ خواتین کو معاشرے میں آگے بڑھنے اور اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے لیے مساوی مواقع دینا وقت کی ضرورت ہے۔وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ عوام کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے ساتھ معیاری سرکاری خدمات کی فراہمی بھی حکومت کی ذمہ داری ہے۔ حکومت کی ترجیح ایسا نظام بنانا ہے جس میں شہریوں کو سہولت ملے اور ان کے جائز مسائل بروقت حل ہوں۔