مریم نواز سے جرمن طبی وفد کی ملاقات، بچوں کے کینسر کے علاج میں تعاون پر اصولی معاہدہ

مریم نواز سے جرمن طبی وفد کی ملاقات، بچوں کے کینسر کے علاج میں تعاون پر اصولی معاہدہ

ویب ڈیسک: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے جرمن ادارے HoP Children Cancer Center کے اعلیٰ سطحی وفد نے ملاقات کی، جس میں بچوں کے کینسر کے علاج میں جرمن اداروں کی معاونت پر اصولی اتفاق کیا گیا۔

وفد کی سربراہی جرمن پیڈیاٹرک آنکالوجسٹ اور نیورو آنکالوجسٹ ڈائریکٹر ڈاکٹر سٹیفن مائیکل نے کی، جبکہ وفد میں ہائیڈل برگ یونیورسٹی ہسپتال، جرمن کینسر ریسرچ سینٹر (DKFZ) اور HoP Children Cancer Center (KiTZ) کے ماہرین شامل تھے۔وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پنجاب وہ پہلا صوبہ ہے جو آبلیشن کینسر ٹریٹمنٹ متعارف کروا رہا ہے، اور لاہور میں نواز شریف کینسر ہسپتال تیزی سے تکمیل کے مراحل طے کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ HoP Children Cancer Center کی معاونت سے چلڈرن ہسپتال لاہور میں کینسر کے علاج کے معیار کو مزید بہتر بنایا جائے گا، اور جرمنی کی جدید ٹیکنالوجی کو پیڈیاٹرک آنکالوجی میں استعمال کیا جائے گا۔ڈاکٹر سٹیفن مائیکل نے ملاقات کے دوران کہا کہ پنجاب میں بچوں کے کینسر کے علاج میں اعلیٰ معیار قابلِ تحسین ہے، اور جرمن و پاکستانی اداروں کے ساتھ تربیت اور علمی تبادلے سے مثبت نتائج حاصل ہوں گے۔

 انہوں نے مزید کہا کہ HoP Children Cancer Center پاکستان میں آغا خان یونیورسٹی کے ساتھ کینسر کے علاج کے لیے تعاون کر رہا ہے۔ہائیڈل برگ سٹی کونسل کے پارلیمانی لیڈر وسیم بٹ نے کہا کہ لاہور اور ہائیڈل برگ کے درمیان تعلیمی و ثقافتی روابط مضبوط ہو رہے ہیں، جبکہ ہائیڈل برگ کے لارڈ میئر پروفیسر ڈاکٹر ایکارٹ ورزنر نے وزیراعلیٰ پنجاب کی مہمان نوازی پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ باہمی تعاون دونوں شہروں کے عوام کے لیے ایک نئے باب کا آغاز ہے۔