وزیراعلیٰ مریم نواز کو ماحولیاتی خدمات کے اعتراف میں عالمی این ایس ٹی ایوارڈ گالا میں شرکت کی دعوت

وزیراعلیٰ مریم نواز کو ماحولیاتی خدمات کے اعتراف میں عالمی این ایس ٹی ایوارڈ گالا میں شرکت کی دعوت

سویٹزرلینڈ میں قائم عالمی تنظیم نوبل سسٹین ایبلٹی ٹرسٹ نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ماحولیاتی اصلاحات اور ٹیکنالوجی پر مبنی حکمرانی کے اقدامات کو سراہتے ہوئے انہیں ہانگ کانگ میں منعقدہ این ایس ٹی ایوارڈ گالا اور سمٹ 2026 میں شرکت اور خطاب کی دعوت دی ہے۔

 فاؤنڈیشن کے چیئرمین پیٹر نوبل نے 30 ستمبر کو ہانگ کانگ میں ہونے والے اس عالمی لیڈرشپ سمٹ اور ایوارڈ گالا میں پنجاب کی قیادت کو مدعو کیا ہے، جس میں دنیا بھر سے رہنماؤں، سائنسدانوں اور پائیدار ترقی کے پالیسی سازوں کی شرکت متوقع ہے۔نوبل سسٹین ایبلٹی ٹرسٹ کی رپورٹ کے مطابق، پنجاب میں ماحولیات کے تحفظ کے لیے حقیقی وقت کی نگرانی، ڈیجیٹل پلیٹ فارمز، اور اعداد و شمار پر مبنی نظام کا استعمال بڑھا ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز کی قیادت میں، صوبے نے آلودگی کے ذرائع کا سراغ لگانے، ماحولیاتی خطرات کا جائزہ لینے اور اسموگ کے خلاف رابطہ کاری کے لیے جدید ٹیکنالوجی پر مبنی نظام قائم کیا ہے۔ اس کے علاوہ، فضائی معیار کے بہتر انتظام کے لیے جدید آلات کی فراہمی اور استعمال، جنگلات کی غیر قانونی کٹائی اور شکار کی روک تھام کے لیے ریموٹ مانیٹرنگ ٹیکنالوجی، اور جنگلی حیات کے تحفظ کے لیے سیٹلائٹ اور دیگر جدید ٹیکنالوجی کا استعمال بھی شروع کیا گیا ہے۔

پیٹر نوبل کا کہنا ہے کہ پنجاب میں ٹیکنالوجی پر مبنی حکمرانی کی یہ پیش رفت قابل تقلید ہے اور اس کی عالمی سطح پر پذیرائی ہونی چاہیے۔ نوبل سسٹین ایبلٹی ٹرسٹ، جو 2007 میں نوبل خاندان کے افراد کے تعاون سے قائم ہوا، ماحولیاتی بہتری، فضائی آلودگی میں کمی اور انسانی معیار زندگی میں بہتری کے لیے کام کر رہا ہے۔ فاؤنڈیشن کے مطابق، یہ اقدامات دنیا بھر کے لیے ایک مثالی نمونہ ہیں اور پنجاب کی کامیابی کو عالمی سطح پر سراہا جا رہا ہے۔