سوشل میڈیا پر حالیہ دنوں ایک ویڈیو کلپ وائرل ہو رہی ہے جس میں معروف اداکارہ و میزبان فضا علی اپنے شو میں مہمان وینا ملک سے کم عمر لڑکے کے ساتھ بنائی گئی متنازع ویڈیوز پر کھل کر اظہارِ ناراضگی کرتی نظر آتی ہیں۔
فضا علی نے پروگرام کے دوران وینا ملک کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ اُنہیں اجنبی اور کم عمر لڑکوں کے ساتھ ڈانس اور بولڈ ویڈیوز بناتے نہیں دیکھ سکتیں۔ اُن کا کہنا تھا کہ "تم وینا ملک ہو، تمہارے ساتھ کھڑا ہونے والا بھی ایک برانڈ بن جاتا ہے، پھر ایسے غیر معروف لوگوں کے ساتھ ریلز بنانے کی کیا ضرورت ہے؟" انہوں نے مشورہ دیا کہ وینا اپنے میوزک اور فن سے کمائیں، نہ کہ ایسی ویڈیوز کے ذریعے۔فضا علی نے مزید کہا کہ نوجوان لڑکوں کے ساتھ ویڈیوز بنانا محبت نہیں ہے بلکہ یہ وینا کی شخصیت اور مقام کو متاثر کر سکتا ہے۔ انہوں نے وینا کو نصیحت کی کہ وہ اپنی پہچان اور عزت کو مقدم رکھیں، اور ایسے مناظر میں نظر نہ آئیں جن سے ان کی ساکھ کو نقصان پہنچے۔
اس دوران وینا ملک نے وضاحت دی کہ وہ صرف اُن لوگوں کے ساتھ ویڈیوز بناتی ہیں جن سے انہیں محبت ہوتی ہے، تاہم فضا علی کے بار بار پوچھنے کے باوجود انہوں نے کم عمر لڑکے کے ساتھ ’’خاص تعلق‘‘ ہونے کی تصدیق یا تردید نہیں کی۔واضح رہے کہ وینا ملک ماضی میں بھی متعدد اسکینڈلز اور متنازع بیانات کی وجہ سے شہ سرخیوں میں رہی ہیں، اور اس وقت بھی اپنے منیجر کے ساتھ تعلقات کی خبروں کے باعث میڈیا میں موضوعِ بحث بنی ہوئی ہیں۔