شکاگو (خصوصی رپورٹ )بھارت کے اپوزیشن لیڈر اور کانگریس کے رکنِ پارلیمان راہول گاندھی نے مودی حکومت پر ملک کا عالمی اثر و رسوخ کمزور کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت عالمی معاملات میں ایک سائیڈ پلیئر بن کر رہ گیا ہے جب کہ پاکستان امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات کرو ا رہا ہے۔امریکا کی یونیورسٹی آف شکاگو میں طلبہ کے ساتھ ایک نشست کے دوران گفتگو کرتے ہوئے راہول گاندھی نے مودی حکومت کی خارجہ پالیسی کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ بھارت کے امریکا، ایران اور روس کے ساتھ تعلقات موجود ہیں لیکن حکومت ان روابط کو سفارتی اثر و رسوخ میں تبدیل کرنے میں ناکام رہی ہے۔راہول گاندھی نے کہا کہ بین الاقوامی معاملات میں موثر کردار ادا کرنے کی صلاحیت رکھنے کے باوجود بھارت عالمی سفارتی منظرنامے میں ایک سائیڈ پلیئر بن کر رہ گیا ہے۔واشنگٹن اور تہران کے درمیان مذاکرات میں پاکستان کی شمولیت کا حوالہ دیتے ہوئے راہول گاندھی نے کہا کہ انہیں اس بات پر شدید حیرت ہے کہ پاکستان ایرانیوں اور امریکیوں کے ساتھ مذاکرات میں مصروف ہے جب کہ بھارت صرف دیکھ رہا ہے۔راہول گاندھی نے وزیراعظم نریندر مودی کی خارجہ پالیسی، بالخصوص امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور روسی صدر ولادیمیر پیوٹن سمیت عالمی رہنمائو ں کے ساتھ ذاتی تعلقات پر انحصار کو بھی شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ان کا کہنا تھا کہ عالمی سیاست میں رہنمائو ں کی ذاتی دوستی سے زیادہ اہم قومی مفادات، معاشی نظام اور جغرافیائی سیاسی حالات ہوتے ہیں۔راہول گاندھی نے سوال اٹھایا کہ کیا آپ واقعی سمجھتے ہیں کہ جغرافیائی سیاست اس بنیاد پر چلے گی کہ کوئی شخص آپ کا دوست ہے؟ وہ ایک پورے نظام کی قیادت کر رہا ہے، اس کے پیچھے ایک مکمل معاشی نظام موجود ہے۔ وہ فیصلے اس بنیاد پر نہیں کرے گا کہ وہ آپ کو پسند کرتا ہے یا نہیں۔انہوں نے وضاحت کی کہ انہیں عالمی رہنمائو ں کے ساتھ ذاتی تعلقات قائم کرنے پر اعتراض نہیں، تاہم خارجہ پالیسی کی رہنمائی اس بات پر ہونی چاہئے کہ بھارت کے لئے کیا بہتر ہے۔اسرائیل کے ساتھ تعلقات سے متعلق راہول گاندھی نے کہا کہ اسرائیل کے ساتھ ہمارے اسٹریٹیجک مفادات ہیں لیکن اس کا مطلب یہ نہیں کہ غزہ کے معاملے پر خاموشی اختیار کرلی جائے۔انہوں نے کہا کہ میں اسرائیل میں 7 اکتوبر ہونے والے حملوں کی مذمت کرتا ہوں لیکن اسرائیل نے غزہ میں جو کچھ کیا، اس کی بھی مذمت کرتا ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک غلط دوسرے کو درست ثابت نہیں کر سکتا۔