نئی دہلی: راہول گاندھی اور پریانکا سمیت متعدد رہنما گرفتاری کے بعد رہا یہ جنگ سیاست نہیں‘ جمہوریت کے تحفظ کی ہے:اپوزیشن رہنما

راہول گاندھی کو بہار کی ووٹر فہرست میں ترمیم کے خلاف  ووٹ چوری  احتجاجی مارچ کے دوران حراست میں لیا  گیا‘   نئی دہلی میں الیکشن کمیشن کی طرف مارچ کر رہے تھے
بھارتی آئین ایک فرد ایک ووٹ کی ضمانت دیتا ہے، شفاف ووٹر لسٹ کو یقینی بنایا جائے‘ بھارتی عوام کے جمہوری حقوق کا تحفظ ہر قیمت پر یقینی بنائیں گے:راہول گاندھی

نئی دہلی (مانیٹرنگ ڈیسک)انڈین نیشنل کانگریس کے رہنما راہول گاندھی، پریانکا گاندھی سمیت حراست میں لیے گئے اپوزیشن اراکین کو رہا کر دیا گیا۔اس سے قبل الیکشن کمیشن جانے کی کوشش کے دوران پولیس نے راہول گاندھی، پریانکا گاندھی سمیت متعدد اپوزیشن اراکین کو حراست میں لے لیا تھا۔راہول گاندھی کو بہار کے ووٹر فہرست میں ترمیم کے خلاف ’ووٹ چوری‘ احتجاجی مارچ کے دوران حراست میں لیا گیا تھا۔ اپوزیشن انڈیا اتحاد میں شامل اپوزیشن رہنما نئی دہلی میں الیکشن کمیشن کی طرف مارچ کر رہے تھے۔تقریباً  300 بھارتی اپوزیشن رہنما الیکشن کمیشن کی جانب مارچ کر رہے تھے جس کی قیادت لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہول گاندھی کر رہے تھے۔گرفتاری کے بعد میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے راہول گاندھی نے کہا  جب ہم الیکشن کمیشن پہنچے تو انڈیا الائنس کے ارکان کو روک کر حراست میں لے لیا گیا۔ان کا کہنا تھا  اب ووٹ کی چوری پورے ملک کے سامنے بے نقاب ہوچکی ہے۔ یہ جنگ سیاست کی نہیں بلکہ جمہوریت کے تحفظ کی جنگ ہے۔انہوں نے کہا  بھارتی آئین ’ایک فرد ایک ووٹ‘ کی ضمانت دیتا ہے، شفاف ووٹر لسٹ کو یقینی بنایا جائے۔ بھارتی عوام کے جمہوری حقوق کا تحفظ ہر قیمت پر یقینی بنائیں گے۔